کھوسٹ واقعے میں نامزد ملزمان کیخلاف ایف آئی آر درج کی جائے، اے این پی
ہرنائی (انتخاب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر وصوبائی پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پشتون وطن باالعموم ہرنائی کھوسٹ شاہرگ کے عوام باالخصوص گزشتہ کئی عشروں سے تخریب کاری کا شکار چلے آرہے ہیں۔ سرکاری سطح پر ٹیکس دینے کے باوجود تحفظ کے نام پر جگا ٹیکس کے علاہ بھتہ بھی ان سے وصول کیا جارہا ہے، کھوسٹ پرلت کے جائز مطالبات جن میں نامزد ملزمان کے خلاف ایف آئی آر، سول انتظامیہ کی رٹ بحالی، واقعہ کی جوڈیشل انکوائری، خالق داد بابر کو سرکاری سطح پر شہید قرار دیا جائے، زخمیوں کے علاج معالجہ اور معاوضہ دینے کااعلان کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھوسٹ ہرنائی میں خالق داد بابر کی تدفین اور پرلت کے شرکا سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ ملک نعیم خان بازئی مرکزی نائب صدر ملک عثمان اچکزئی اراکین مرکزی کمیٹی ڈاکٹر اکبر کاکڑ جاوید کاکڑ ضلعی صدر قلعہ عبداللہ خان محمد کاکڑ بھی موجود تھے۔ اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ جنازے اٹھا اٹھا کر تھک چکے ہمیں، دیوار سے نہ لگایا جائے، فکر باچا خان کے متوالوں کو زور زبردستی سے، مرعوب نہیں کئے جاسکتے، لہٰذا پرلت کے جائز مطالبات شہدا پیکج، زخمیوں کے فوری علاج معالجہ، واقعہ میں ملوث ملزمان کیخلاف ایف آئی آر، واقعے کی جوڈیشل انکوائری، سول ایڈمنسٹریشن کی عملداری کو بحال کرنے کے مطالبے تسلیم کئے جائیں۔


