حکمرانوں نے مشکل حالات میں لاکھوں انسانوں کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا، کلثوم نیاز بلوچ
کوئٹہ (پ ر) نیشنل پارٹی خواتین ونگ کے صوبائی سیکرٹری کلثوم نیاز بلوچ نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے نقصانات پر حکومتی بے حسی سمجھ سے بالاتر ہے، بارش اور سیلاب متاثرین کو آسمان بے یارو مدد گار چھوڑنا عوام دشمنی کے مترادف ہیں، حالیہ طوفانی بارشوں بلوچستان کے تمام اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں، حکمرانوں نے مشکل ترین حالات میں لاکھوں انسانوں کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے، باپردہ خواتین سڑکوں پر آگئیں، کھانے کیلئے روٹی، رہنے کیلئے چھت نہیں، مکانات پانی میں بہہ گئے، انفراسڑکچر تباہ ہو گیا ہے جس کا کوئی پرسان حال نہیں ہے عوام اشیاء خورونوش سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، حالیہ بارشوں کے ذمہ دار این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے ہیں، دیہات میں آسمان تلے متاثرین امداد کی راہ تک رہے ہیں، اپنے جاری بیان میں کلثوم نیاز بلوچ نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے پورا بلوچستان پانی میں ڈوب چکا اور بارش کی تباہ کاریوں کا شکار ہورہے ہیں، بلوچستان کو آفت زدہ قرار دیا جائے لوگوں کی زندگیاں بچانے کے ساتھ ساتھ معمولات زندگی بحال کرنا کٹھن کام ہے، بارشوں سے پنجگور، تربت، قلات سمیت بلوچستان کے تمام اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں، سیلابی ریلیوں سے بلوچستان کے زمینداروں کو سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے، بارشوں اورسیلاب نے زمینداروں کی پیاز، ٹماٹر، کپاس، انگور، سیب کی فصل کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، 50 فیصد مکانات منہدم ہوچکے ہیں، بلوچستان کا کوئی ضلع ایسا نہیں رہا جو تباہی سے بچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیلاب اور بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پرقابو پانے اور لوگوں کو امراض سے محفوظ رکھنے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جس سے لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہوکر اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ وزیراعظم کا دورہ صرف فوٹو سیشن تک محدود رہا ہے، ابتک عوام کی کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے ہیں، بارشوں اور سیلابوں سے بلوچستان کا ملک بھر سے گزشتہ 8 دنوں سے رابطہ منقطع ہے، مسافر راستوں میں پھنس گئے ہیں لیکن صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ 2ماہ سے جاری بارشوں اور سیلاب کے باعث بلوچستان کا 95فیصد انفراسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے، متاثرین کی داد رسی اور بحالی کیلئے صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے کہیں نظر نہیں آرہے وزیراعظم پاکستان فوری طور پر بلوچستان کے زمینداروں کے بجلی کے واجبات معاف کرکے انکی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائیں۔


