کوئٹہ میں اب تک 85 فیصد بجلی بحالی کا کام مکمل ہوگیا ہے، ترجمان کیسکو
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ترجمان کیسکو نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اب تک 85 فیصد بجلی بحالی کا کام مکمل ہوگیا ہے، شہر کے متاثرہ فیڈروں کی بحالی کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا، 220Kv اُچ، سبی ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی تا حال بند ہے، یہ بات انہوں نے ہفتے کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ ترجمان کیسکو نے کہا کہ 220kv اُچ، سبی ٹرانسمیشن لائن کی بندش سے کیسکو سسٹم پر بوجھ بڑھ گیا ہے، 220kv دادو، خضدار ٹرانسمیشن لائن کا ایک ٹاور سندھ کے علاقے رتو ڈیرو میں گرنے سے خضدار، وڈھ، قلات، منگچر، سوراب گرڈ اسٹیشنز کو بھی بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 220kv کے دونوں سرکٹ بند ہونے سے کیسکو کو 600 میگاواٹ برقی قلت کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے تمام علاقوں میں اضافی لوڈشیڈنگ ناگزیر ہوگیا ہے، صوبے کے دیگر علاقوں کی بجلی فراہمی کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کوشش ہے کہ جلد از جلد بجلی بحال کرکے صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ بارش اور سیلاب سے بجلی کی فراہمی میں تعطل پر متعلقہ صارفین سے معذرت اور تعاون کی اپیل ہے۔


