کوئٹہ ریڈ زون دھرنے کو 42 دن، جمعے کو روڈ بند کرنیکا اعلان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ ریڈ زون میں جاری لاپتہ افراد لواحقین کے دھرنے کو 42 دن، جمعے کو روڈ بند کرنیکا اعلان۔ زیارت واقعے کے بعد گورنر ہاؤس کے سامنے ریڈ زون میں جاری بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین کے احتجاجی دھرنے کو آج بیالیس دن مکمل ہوگئے۔ دھرنے پر بیٹھے لواحقین نے اعلان کیا کہ حکومت ہمارے جائز اور آئینی مطالبات کی منظوری کیلئے سنجیدہ نہیں ہے، لہٰذا ہم مجبوراً جمعے کے دن صبح دس بجے سے جی پی او چوک اور سرینا چوک ٹریفک کیلئے بند کریں گے، کسی بھی ایمرجنسی حالت میں روڈ نہیں کھولا جائے گا۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس دن کوشش کرے کہ متبادل راستہ اختیار کریں،

اگر اس سے عام لوگوں کو تکلیف پہنچے گی تو اسکی ذمہ دار ریاست ہوگی، جو اپنے شہریوں کو سننے ان کے جائز مطالبات پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ لواحقین نے کوئٹہ کے باشعور عوام اور تمام سیاسی پارٹیوں کے ذمہ داران اور کارکنان سے اپیل کی کہ وہ ان کا ساتھ دیں اور تعاون کریں۔ آج دھرنے میں نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری جان محمد بلیدی، صوبائی صدر رحمت بلوچ نے پارٹی وفدکے ساتھ بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین کی احتجاجی دھرنے میں شرکت کی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور جبری گمشدگیوں کے معاملے میں لواحقین سے ہر ممکن مدد کرنے اور آواز اٹھانے کی یقین دہانی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں