سبی سے مچھ شٹل ٹرین شروع، جلد اندرون ملک ریل سروس شروع کریں گے، سی ای او
سبی (انتخاب نیوز) چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے فرخ تیمور گل زئی نے کہا ہے کہ 9روز بند رہنے کے بعدعوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان ریلوے نے سبی سے مچھ شٹل ٹرین کے ذریعے ریلوے سروس شروع کردی، پاکستان ریلوے مشکل گھر میں عوام کی خدمت کا تسلسل برقرار رکھے گی، ریلوے انجینئر ٹریک کو بحال کرنے کے لئے دن رات سرگرم ہے جلد مچھ سے اندرون ملک ریل سروس شروع کی جائے گی۔عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان ریلوے نے سبی سے مچھ شٹل ٹرین کے ذریعے ریلوے سروس شروع کردی، 24 اگست کو سیلابی ریلے نے ہرک کے قریب 150 سال قبل تعمیر ہونے والا ریلوے پل کے پلر کو پانی میں بہہ کر لے گیا تھا پلر پر گھڑا پل کا ایک حصہ زمین بوس ہوجانے کے باعث کوئٹہ سبی ریلوے سروس معطل کردی گئی تھی، 6بوگیوں پر مشتمل شٹل ٹرین میں چھ سو سے زائد مسافروں کوریلوے کے ذریعے مچھ پہنچایا گیا، جو مچھ سے روڈ کے ذریعے کوئٹہ کے لئے روانہ ہوئے، شٹل ٹرین کوروزانہ کی بنیاد پر سبی سے مچھ اور مچھ سے سبی چلایا جائے گا۔ کوئٹہ براستہ سبی، جیکب آباد، روہڑی سیکشن پر ٹرین سروس بحال نہ ہوسکی، نوتال، ڈیرہ مراد جمالی، شکارپور ٹریک سیلابی ریلے سے متاثر ہوا ہے، ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام تیزی کے ساتھ شروع کردیا گیا ہے۔ سبی، کوئٹہ سے کراچی، کوئٹہ سے راولپنڈی ریلوے سروس 15 ستمبر سے بحال ہونے کا امکان ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ تیمور گل زئی نے شٹل ٹرین کا افتتاح کرنے کے ساتھ ساتھ وہ بذریعہ شٹل ٹرین مچھ گئے۔


