گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول پولیس لائن میں چوری کا نوٹس لیا جائے، جی ٹی اے ژوب
ژوب (انتخاب نیوز) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن ژوب کے صدر فتح خان مندوخیل، جنرل سیکرٹری مولانا سید مشہود شاہ اخوندزادہ، چیئرمین عبدالطیف مندوخیل، آرگنائزر عجب خان کاکڑ اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول پولیس لائن جو سیکورٹی کے حصار یعنی لیویز لائن کے اندر واقع ہے جو 28 اگست کے بلدیاتی الیکشن کا پولنگ سینٹر بھی تھا عین الیکشن کے دن سیکورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں اسکول کا ٹوٹنا، تمام شیشوں کی توڑ پھوڑ اور لاکھوں روپے کا فرنیچر، الماریاں اور دیگر سامان کا چوری ہونا ایک سوالیہ نشان ہے۔ واردات کے بعد ڈپٹی کمشنر سمیت تعلیمی سربراہان نے رسماً اسکول کا دورہ کیا اور ایف آئی آر درج کی لیکن بدقسمتی سے انتظامیہ کی عدم دلچسپی اور مایوس کن کارکردگی کے باعث 5 ستمبر کی رات چوروں نے ایک بار پھر اسی اسکول میں دوبارہ واردات کی اور بقیہ رہی سہی کسر بھی پوری کردی، جو انتظامیہ کی غفلت اور مکمل ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جی ٹی اے ژوب آئی جی بلوچستان سے پر زور اپیل کرتی ہے کہ انتظامیہ کی غفلت اور مایوس کن کارکردگی کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے، چوری شدہ سامان کو برآمد کرنے کے لیے انتظامیہ کو متحرک کیا جائے اور سیکورٹی زون کے اندر واقع اسکول سے چوری پر تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا تدارک کیا جاسکے۔


