باعزت شہری بننے کیلئے قانون کی بالادستی کو قبول کرنا لازمی ہے، چیف جسٹس بلوچستان
تربت (انتخاب نیوز) بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس نعیم اخترافغان نے بلوچستان ہائی کورٹ کے جج صاحبان جسٹس عبدالحمید بلوچ اور جسٹس سرداراحمدحلیمی کے ہمراہ یونیورسٹی آف تربت کے فیکلٹی آف لیگل ایجوکیشن کا دورہ کیا اور فیکلٹی کے طلبہ وطالبات کے ساتھ انٹرایکٹیو سیشن میں شرکت کی۔اس موقع پر طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ جامعہ تربت کے شعبہ لیگل ایجوکیشن میں طالبات کی کثیرتعدادکو قانون کی تعلیم حاصل کرتے ہوئے دیکھ کرمجھے بہت خوشی ہوئی۔ قانون اور عدلیہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے چیف جسٹس نعیم اختر افغان کاکہناتھا کہ طلبا اس ملک کے اصل سرمایہ ہیں اور انہیں ملک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور جدوجہد کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ باعزت شہری بننے کیلئے قانون کی بالادستی کو قبول کرنا لازمی ہے۔انہوں نے طلبا سے کہاکہ قانون کے شعبے میں کامیاب پیشہ ورانہ زندگی گزارنے کے لیے آپ کو اپنی تعلیم کے دوران لگن، محنت اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور آپکوباقاعدہ اور وقت کی پابندی کے ساتھ کلاسوں میں اپنی حاضری کویقینی بناناہوگا۔انٹرایکٹو سیشن کے دوران چیف جسٹس نے اپنی زمانہ طالب علمی اور پیشہ ورانہ زندگی کے تجربات طلبا اور فیکلٹی کے ساتھ شیئرکرتے ہوئے ان کو نصیحت کی کہ وہ بہترین انداز میں معاشرے کی خدمت کرنے کے لئے اس مقدس پیشے کے ساتھ خلوص کے ساتھ وابستہ رہیں۔ چیف جسٹس نے یونیورسٹی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ مستقبل میں جب بھی ان کا تربت آنا ہوا تووہ تربت یونیورسٹی کے فیکلٹی آف لیگل ایجوکیشن میں لیکچردینے ضرور آئیں گے۔ انہوں نے ہائی کورٹ کے ججز، سیشن ججز اور وکلا برادری سے کہا کہ وہ بھی وقت نکال کر فیکلٹی آف لیگل ایجوکیشن میں لیکچردینے ضرورآئیں۔ اس سے پہلے چیف جسٹس نے فیکلٹی آف لیگل ایجوکیشن کے لئے نئے تعمیر شدہ اکیڈمک بلاک کا افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ ان کومتعلقہ حکام کی جانب سے فیز ٹو کے ترقیاتی کاموں پربھی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے فیزٹو کے ترقیاتی کام پرہونے والی پیشرفت کاجائزہ بھی لیا۔ اس موقع پربات چیت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے تربت میں لا کالج کے قیام اورعلاقے میں اعلی تعلیم کے فروغ میں یونیورسٹی انتظامیہ اور جسٹس ہاشم خان کاکڑ کی کاوشوں کوسراہا، اس موقع پربلوچستان ہائی کورٹ کے معزز جج صاحبان جناب جسٹس عبدالحمید بلوچ اورجناب جسٹس سردار احمد حلیمی کے علاوہ تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، پرو وائس چانسلرڈاکٹر منصور احمد، ڈین فیکلٹی آف لیگل ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، رجسٹرار گنگزار بلوچ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز، لنکیجز اینڈ فارن کولابوریشن اعجاز احمد، بلوچستان بار کونسل کے نائب صدر قاسم گاجیزئی، فیکلٹی ممبر لیگل ایجوکیشن نسیم بلوچ،پی ایس او ٹووائس چانسلر چاکر حیدر، پروٹوکول آفیسر میر بابڑ بلوچ، فیکلٹی ممبران، سرکاری افسران، وکلا اور طلبا بھی موجود تھے۔ انٹرایکٹو سیشن کے اختتام پر وائس چانسلراورڈین فیکلٹی آف لیگل ایجوکیشن نے بلوچستان ہائی کورٹ کے معزز چیف جسٹس اوردیگر جج صاحبان کو سووینئرز پیش کیے۔


