سبی میں گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر میں کمی، شہری لکڑیاں جلانے پرمجبور

سبی (انتخاب نیوز) گیس پریشر کی کمی کے باعث شہری اذیت میں مبتلا، ماہانہ ہزاروں روپے بل جمع کرانے کے باوجود بھی شہری لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں، کمشنر سبی ڈویژن بالاچ عزیز، ڈپٹی کمشنر منصور قاضی سمیت وفاقی محتسب اعلی بلوچستان سے نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی اپیل، ملک سرور ہانبھی۔ پاکستان تحریک انصاف سبی کے سینئر رہنما ملک سرورخان ہانبھی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سبی شہر میں مصنوعی گیس پریشرکی کمی اور بلاوجہ لوڈشیڈنگ نے صارفین کا جینا محال کر رکھا ہے۔ ہر ماہ گیس انتظامیہ کو ہزاروں روپے بل کی مد میں جمع کرانے والے شہری حضرات کو مصنوعی گیس پریشر کمی کے بہانے گیس کی سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ شہری بھاری بھرکم بلوں کی ادائیگی کرنے کے باوجود بھی لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا غریب شہری ایک جانب ہر ماہ ہزاروں روپے گیس بل کی مد میں ادا کرتےہیں تو دوسری جانب گیس پریشر میں کمی کے باعث ہزاروں روپے کا ماہانہ لکڑیاں خریدنے پر بھی مجبور ہیں۔ صبح کے وقت گیس پریشر میں کمی کے باعث نہ صرف طلبا بغیر ناشتہ کئے اسکول جاتے ہیں بلکہ دفتر جانے والے شہری بھی بغیر ناشتہ کئے دفتر جانے پر مجبور ہیں۔ گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کے باعث دوپہر کا کھانا اور رات کا کھانا بنانے کے لئے شہری لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں جو کہ کسی اذیت سے کم نہیں ہے، ان کا مذید کہنا تھا کہ گیس انتظامیہ کا شہریوں سے رویہ بھی درست نہیں اگر شکایت کرنے دفتر جاتے ہیں تو کوئی سننے والا ہی نہیں ،ملک سرور خان ہانبھی نے کمشنر سبی ڈویژن بالاچ عزیز، ڈپٹی کمشنر سبی منصور احمد قاضی اور وفاقی محتسب کوئٹہ بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ خدارا سبی شہر میں گیس پریشر کی کمی اور لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیکر غفلت برتنے والے عملے کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ سبی شہر میں گیس صارفین کو مصنوعی گیس پریشر کی کمی اور مصنوعی لوڈشیڈنگ سے چھٹکارا مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں