20 دن بعد بھی بولان شاہراہ بحال نہیں ہوئی، منگل کو احتجاجاًسڑک بند کریں گے، ٹرانسپورٹ یونین

سبی (انتخاب نیوز) صوبائی صدر آل بلوچستان ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن حاجی حکمت لہڑی،ضلعی صدر آل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن سبی ملک ساجد خان بنگلزئی اور صوبائی صدر بلوچستان بس فیڈریشن حاجی سعید لہڑی کی قیادت میں ٹرانسپورٹرز کا ایک اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ آج بروزمنگل ڈھاڈر کے مقام پر سندھ بلوچستان شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل بند کیا جائے گا،اجلاس سے صوبائی صدر میر حکمت لہڑی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کچھی اور این ایچ اے نے ریاست پاکستان کے اندر ایک الگ ریاست بنایا ہواہے، 20 دن سے زیادہ کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی بولان شاہراہ کو بحال کرنے میں کچھی انتظامیہ اور این ایچ اے مکمل ناکام ہوچکا ہے۔ کچھی انتظامیہ اور این ایچ اے صرف فوٹو سیشن کی حد تک محدودہوکررہ گئی ہے ضلعی صدر آل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ضلع سبی کے صدرملک ساجد خان بنگلزئی کا کہنا تھا کہ کچھی انتظامیہ نے کل سے عوام اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ایک نیا مذاق شروع کیا ہواہے 24 گھنٹے میں صرف 2 سے 3 گھنٹے روڈ کو یک طرفہ بحال کیاجاتا ہے اور پھر پورے دن میں زرا برابر بھی کام نہیں ہوتا بولان کے مقام پرحاجی سعید لہڑی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کچھی انتظامیہ کے اس شیڈول نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہیں،کچھی انتظامیہ اور این ایچ اے نے اپنی منفرد من مانی شروع کی ہے عوام اس شدید گرمی میں ذلیل وخوار ہیں لیکن حکومت وقت کو کوئی فرق نہیں پڑتاملک ساجد خان بنگلزئی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا دودہ بس فوٹو سیشن تک تھا ہم کچھی انتظامیہ کی اس من مانی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں کل سے ڈھاڈر کے مقام پر شاہراہ کو بلاک کرینگے اور جس کی تمام تر ذمہ داری کچھی انتظامیہ پر عائد ہوگی،عوام سے گزارش کرتے ہیں ہے کہ بولان میں سفر کرنے سے گریز کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں