ملکہ برطانیہ کے تابوت کی حفاظت پر مامور 2 پولیس اہلکاروں پر چاقو سے حملہ

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)ملکہ الزبتھ دوم کے تابوت کی حفاظت پر مامور دو پولیس اہلکاروں کو چاقو بردار شخص نے حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکار ویسٹ منسٹر ہال سے ایک میل دور لیسٹر اسکوائر کے قریب ملکہ کا دیدار کرنے کے لیے آنے والے لوگوں کی قطار کی حفاظت پر مامور تھے کہ اچانک ایک نوجوان چاقو بردار شخص نے ان پر حملہ کر دیا۔حملے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کسی دہشت گردی کی کارروائی کا حصّہ نہیں ہے تاہم واقعے کی ہر پہلو پر تفتیش کی جا رہی ہے تاحال حملے کی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔اس حوالے سے لندن کے میئر صادق خان نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس دکھ کی گھڑی میں افواج، پولیس اور سیکیورٹی اہکاروں کی بڑی تعداد لوگوں کی حفاظت پر مامور ہے، ہمیں ان کا احسان مند ہونا چاہیے لیکن ایسے میں ان پر حملہ باعث افسوس ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں