افغانستان، ریسٹورنٹ میں دھماکے میں 3 افراد جاں بحق، 13 زخمی

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کے ایک ریسٹورینٹ میں ہونے والے زوردار دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک ریسٹورنٹ میں زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ آس پاس کھڑی گاڑیاں تباہ ہوگئیں اور وہاں افراتفری پھیل گئی۔ سیکورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا۔ امدادی کاموں کے دوران 20 افراد کو اسپتال لایا گیا جہاں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی جبکہ 13 افراد زخمی ہیں جن میں سے 4 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ افغان حکام کا کہنا ہے کہ ابھی دھماکے کی نوعیت واضح نہیں۔ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ تاحال کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں