غزہ میں 70 بچوں سمیت 100 فلسطینی شہدا ،اجتماعی نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک، ملبے سے اب تک 900لاشیں نکالی جا چکی ہیں،رپورٹ
غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ کی پٹی میں 70 بچوں سمیت 100 فلسطینی شہدا کو اجتماعی نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کردیا گیا۔غزہ میں اسرائیلی جنگ کے دوران تباہ ہونے والے گھروں کے ملبے سے حالیہ دنوں میں نکالی گئی 100 فلسطینیوں کی میتوں کی اتوار کو غزہ سٹی کے علاقے زیتون میں اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی، جن میں 70 بچے بھی شامل تھے۔جنازے میں متاثرہ خاندانوں کے افراد سمیت ہزاروں فلسطینیوں، سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ میتوں اور انسانی باقیات کو تباہ شدہ گھروں کے ملبے کے قریب ایک مقام پر رکھا گیا اور ان پر فلسطینی پرچم لپیٹے گئے۔جنازے کے موقع پر غزہ سول ڈیفنس کے اہلکاروں، متاثرہ خاندانوں کے نمائندوں اور دیگر سماجی شخصیات نے تعزیتی اور یادگاری خطاب بھی کیے۔نماز جنازہ کے بعد میتوں اور باقیات کو زیتون کے علاقے میں واقع الاحلی قبرستان میں دفن کیا گیا۔ امدادی ٹیمیں بمباری سے تباہ علاقوں میں ملبے سے اب تک تقریباً 900 لاشیں نکال چکی ہیں ، غزہ کی پٹی میں 9 ہزار کے قریب فلسطینیوں کی لاشیں اب تک مختلف مقامات پر ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔


