افغانستان کے بدلتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع اور پائیدار حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت ہے، سی اے ایس ایس

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (CASS) کے زیرِ اہتمام 17 نومبر 2026 کو افغانستان کی بدلتی ہوئی سیاسی، سیکیورٹی اور معاشی صورتحال کے حوالے سے ایک خصوصی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا، جس کا عنوان تھا ”افغانستان، آئندہ ایک دہائی: استحکام، تقسیم یا اسٹریٹجک تبدیلی؟ پاکستان اور خطے کے لیے ممکنہ اثرات“۔مذاکرے میں افغانستان کے مستقبل کے ممکنہ حالات، پاکستان کے ساتھ تعلقات اور خطے کے امن و استحکام پر ان کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سی اے ایس ایس کے ڈائریکٹر ایئر وائس مارشل (ر) خاور حسین نے سیشن کی میزبانی کرتے ہوئے اگست 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان کی توقعات اور پاک افغان تعلقات میں آنے والی کشیدگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے لاحق سیکیورٹی خطرات کو اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے سفارتی، دفاعی اور علاقائی سطح پر جامع حکمتِ عملی کی ضرورت پر زور دیا۔تقریب کی کلیدی مقررہ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (ISSI) کے سینٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ (CAMEA) کی ڈائریکٹر ڈاکٹر آمنہ خان تھیں۔ انہوں نے افغانستان کی داخلی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال اور علاقائی تعلقات کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ طالبان حکومت نے بعض شعبوں میں عملی طرزِ حکمرانی اور معاشی و زرعی اصلاحات پر توجہ دی ہے، تاہم انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے اب بھی سنگین خامیاں موجود ہیں۔ڈاکٹر آمنہ خان نے پاکستان کی افغان پالیسی میں موجود کمزوریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور اقتصادی تعاون سمیت تمام اہم معاملات کے حل کے لیے ایک جامع دوطرفہ فریم ورک تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ دوحہ معاہدے کو محض دوطرفہ سمجھوتے کے بجائے ایک بین الاقوامی طور پر قابلِ عمل معاہدے کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، خصوصاً اس حوالے سے کہ افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دی جائے۔ ایران اور بھارت کی افغانستان کے ساتھ سفارتی روابط کی مثالوں سے بھی رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ہمسایہ ممالک کے ساتھ اختلافات کے باوجود سفارتی روابط برقرار رکھنا ضروری ہے، کیونکہ صرف طاقت کے استعمال سے دیرپا مسائل حل نہیں کیے جا سکتے۔اختتامی کلمات میں صدر سی اے ایس ایس ایئر مارشل جاوید احمد (ر) نے افغانستان کے بدلتے ہوئے سیاسی اور سیکیورٹی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ خطے کو درپیش اہم سیکیورٹی چیلنجز پر سنجیدہ علمی اور پالیسی سطح پر گفتگو جاری رہنی چاہیے۔سی اے ایس ایس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ قومی اور بین الاقوامی اہمیت کے سیکیورٹی معاملات پر آزادانہ، مستند اور بامقصد مکالمے کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے