کوئٹہ میں پرائس کنٹرول کمیٹی غائب، گرانفروش من مانی قیمتوں پر اشیاءفروخت کرنے لگے

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ میں گرانفروش من مانی قیمتوں پر اشیاءفروخت کرنے لگے، پرائس کنٹرول کمیٹی غائب۔ کوئٹہ میں مٹن اور بیل کا گوشت من مانی قیمتوں پر فروخت کیا جارہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرو ل کمیٹی گر اں فروشوں کیخلاف کارروائی سے گریزاں ہے۔ کوئٹہ میں بکرے کے گوشت کی سرکاری قیمت گیارہ سو رو پے فی کلومقرر کی گئی ہے لیکن بازار میں یہ گوشت پندرہ سو سے 16 سو روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے جبکہ بیل کا بنا ہڈی کے گوشت فی کلو آٹھ سے ساڑھے آٹھ سو رو پے میں فی کلو فروخت ہورہا ہے جبکہ سرکاری نرخ 580 رو پے مقرر ہیں۔ شہری اس گراں فروشی پر پریشان ہیں لیکن انتطامیہ نے ان کو گراں فروشوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں دودھ اور دہی کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ دودھ 150 روپے اور دہی 180 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔ شہر میں دودھ 150 سے 160 روپے فی کلو جبکہ دہی 180 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔ انتظامیہ نے شہر کیلئے دودھ 135 روپے فی لیٹر جبکہ دہی 145 روپے کا سرکاری نرخ مقرر کیا ہے لیکن سرکاری نرخنامے کو دودھ فروشوں نے ہوا میں اڑا دیا، پوچھنے والا کوئی نہیں، صار فین اور دودھ فروش دونوں ہی مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں، بظاہر پرائس کنٹرول کمیٹیاں مہنگائی کے جن کو قابو کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ فوری طور پر گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں کرے اور انہیں سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کاپابند بنائے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گراں فروشوں کیخلاف کارروائی کررہے ہیں اب تک دو درجن سے زائد گراں فروشوں کو گرفتار اور جرمانے کیے گئے ہیں، سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں