استعماری و آمرانہ قوتوں نے پشتون، دیگر محکوم اقوام و عوام کے وسائل پر قبضہ کیا، محسن داوڑ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ محسن داوڑ نے کہاہے کہ آمرانہ قوتوں کی استعماری بالادستی، جبر و استحصال سے نجات حقیقی جمہوری، ترقی پسند اور نیشنلسٹ سیاسی پارٹی اور جدوجہد کے ذریعے ممکن ہے اور این ڈی ایم کا قیام ان معروضی حالات و تقاضوں اور عوام کی قومی ضرورت کےمطابق ممکن ہوا ہے۔ باشعور سیاسی کارکنوں، نوجوانوں کی جوق در جوق شمولیتوں سے اس پارٹی کی درست وقت پر قیام کی حقانیت ثابت ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں مختلف تعلیمی اداروں کے 30 طلبا و نوجوانوں کی عطا اللہ منافع اور سلیمان شاہ کی قیادت میں این ڈی ایم میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس سے جنرل سیکرٹری مزمل شاہ، صوبائی صدر احمد جان خان، مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر ہارون خان بازئی، صوبائی ترجمان انجینئر ایمل خان ناصر، شیر اسلام خان اور عطا اللہ، سلیمان شاہ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے نئے شامل ہونے والوں کو داد و تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک حقیقی جمہوری اور ترقی پسند سیاسی پارٹی میں شامل ہو کر درست سیاسی جدوجہد اور سیاسی راہ اپنائی۔ ہماری آبادی کی واضح اکثریت اور نئی نسل نوجوانوں پر مشتمل ہے جو نئے دور کے تقاضوں سے آشنا، صلاحیتوں کے مالک اور وقت و حالات کا درست ادراک رکھتے ہیں ان کو سیاسی عمل اور سیاسی فیصلوں و پالیسیوں کی تشکیل اور جدوجہد میں شامل کرکے سیاست کو توانا اور قومی نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ جو روایتی و مورثی اور ذاتی و خاندانی مفادات کی تابع مصلحتوں کی سیاست کے ذریعے ممکن نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی استعماری و آمرانہ قوتوں نے پشتون و دیگر محکوم اقوام و عوام کے وسائل پر قبضہ اور تمام آئینی، جمہوری اور ثقافتی حقوق و اختیارات سے محروم کرنے کے ساتھ ساتھ پشتونخوا وطن پر بدامنی، بھتہ گیری، عدم استحکام مسلط کیا ہے اور اب ایک بار پشتونوں کی سرزمین کو میدان جنگ بنایا جارہاہے کیونکہ ان قوتوں نے جنگ اور تخریب کاری کو اپنا اقتصاد بنایا ہے۔ جس کا راستہ پشتون قومی تحریک کے تمام پارٹیوں اور جمہوری قوتوں کی متحدہ قومی جمہوری اور مترقی محاذ کے ذریعے روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا ملک کی استعماری قوتوں نے عالمی سامراجی طاقتوں کی مدد سے تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن تاریخی افغانستان میں افغان عوام کی منتخب جمہوری حکومت،آئین، فوج اور تمام اداروں کو ختم کر کے افغان عوام پر تاریکی اور وحشت مسلط کی ہے، آج افغانستان میں افغان عوام اور پورا معاشرہ یرغمال ہے ایسی صورتحال میں اقوام متحدہ اور دنیا کے جمہوری ممالک کی خاموشی قابل تشویش ہے حالانکہ تمام عالمی انسانی حقوق و اصولوں کے تحت ان کی ذمہ داری بنتی ہیں کہ وہ افغانستان اور افغان عوام کو موجودہ تاریک دور اور وحشت سے نکالنے میں اپنا فریضہ ادا کرے ۔


