نائیجیریا میں مسلح گروہ کا مسجد پر حملہ، 15 افراد جاں بحق
ابوجہ (مانیٹرنگ ڈیسک) نائیجیریا کی شمال مغربی ریاست زمفرا کے علاقے رووان جیما ٹان کی ایک مقامی جامع مسجد پر مسلح گروہ نے حملہ کر کے 15 افراد کو قتل کردیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی ایک خبر کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح گروہ نے مسجد میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں مسجد میں موجود 15 نمازی جاں بحق ہوگئے اور کئی زخمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق شہریوں کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت پولیس کو فوری اطلاع دی گئی تھی تاہم پولیس کی جانب سے بروقت کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے مسلح گروہ کو 21 ہزار ڈالر، پیٹرول اور سگریٹ دیے گئے تھے تاکہ وہ اس شہر کو بخش دیں، تاہم مسلح گروہ نے شہر کی مسجد پر حملہ کرکے بے گناہ افراد کو قتل کردیا اور پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران شمال مغربی نائیجیریا کے مختلف شہروں میں مسلح گروہ نے دہشت پھیلائی ہوئی ہے اور اس دوران ہزاروں شہریوں کے اغوا برائے تاوان سمیت سیکڑوں لوگوں کو قتل کردیا گیا۔ یاد رہے کہ نائیجیرین عسکری حکام کی جانب سے کچھ دن قبل مسلح گروہ کیخلاف فوجی آپریشن اور بمباری کے پیش نظر شمال مغربی ریاست زمفرا سمیت دیگر 2 ریاستوں میں عوام کو جنگل سے ملحقہ علاقے خالی کرنے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔


