بلوچستان کی آواز کو دبانے کیلئے پارلیمنٹ کو اسٹے پر چلایا جارہا ہے، حاجی لشکری

کوئٹہ (انتخاب نیوز) سینئر سیاستدان و سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں قومی حقوق کی سیاست پر پابندی عائد ہے، بلوچستان سے قومی و عوامی حقوق کی آواز کو دبانے کیلئے پارلیمنٹ کو اسٹے پر چلایا جارہا ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہا کہ جعلی انتخابات کے نتیجے میں اسٹیبلشمنٹ پارلیمنٹ کو اسٹے پر چلا رہی ہے، کوئٹہ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 پر دوبارہ انتخابات کرانے کے بلوچستان ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں دائر دار خواست کا فیصلہ نہ آنا باعث تعجب ہے، کچھ لوگوں کو اسٹے پر پارلیمنٹ کو چلانا قبول ہے مگر پارلیمنٹ میں قومی حقوق کیلئے اٹھنے والی آواز قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کے ووٹرز اور سپورٹرز سے قومی اسمبلی میں نمائندگی کا حق چھینا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قومی حقوق کی سیاست پر پابندی عائد ہے، سیاسی کارکن عالمی یوم سیاست کو صوبے میں یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی سیاسی کارکن متحد ہوکر قومی و عوامی حقوق کی جدوجہد کو آگئے بڑھائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں