دشمن بلوچستان کی ترقی میں رکاو ٹ بن رہا ہے، آئی جی ایف سی نارتھ

کوئٹہ (آن لائن)`بلوچ ٹریننگ سینٹر میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 339ریکروٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ تقریب کیمہمان خصوصی آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل چودھری امیر اجمل کے علاوہ عسکری حکام اورریکروٹس کے اہل خانہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔میجر جنرل امیر اجمل نے ٹریننگ کے معیار اور پر یڈ کی تعریف کی اور کہا کہ بلوچستان پاکستان کا ایک بڑا اور اہم صوبہ ہے۔ اللہ نے بلوچستان کو قدرتی وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے۔آنے والے وقتوں میں بلوچستان کے وسائل سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔آج بلوچستان کے بہادر بیٹے وطن کی آواز پر لبیک کہہ رہے ہیں۔فخر ہے کہ بلوچستان کے نوجوان بھی ملکی دفاع میں کسی سے پیچھے نہیں اور ہر میدان میں اپنا لوہا منوانے کی بھرپور قابلیت رکھتے ہیں۔میجر جنرل چودھری امیر اجمل نے کہا کہ یہ بات قابل فخر ہے کہ بلوچ ٹریننگ ونگ اب تک 9296 جوانوں کی ٹریننگ کر چکا ہے جو پاکستان آرمی کی مختلف فارمیشنز میں اپنی عسکری خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ نتیجتا پاک فوج میں بلوچستان کے جوانوں کے تناسب میں خاطر خواہ اضافہ ہوا جو مستقبل میں بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ دشمن بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ بن رہا ہے جبکہ بلوچستان کے عوام ملک دشمن عناصر کو یکسر مسترد کر چکے ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب دشمن اپنے انجام کو پہنچے گا۔ سی پیک کی بروقت تکمیل سے پورا خطہ نئے دور میں داخل ھو گا۔ بلوچستان کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے اورہمارے بچوں کا مستقبل روشن ہے۔آخر میں میجر جنرل چودھری امیر اجمل نے بلوچ ٹریننگ ونگ کے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کیے جس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے مجتبی کو کمانڈنٹ کین سے نوازا گیا جبکہ بہترین ریکروٹ نقشہ بینی میں محمد عرفان، بہترین ریکروٹ عسکری مضامین میں محمد اسماعیل، اسالٹ کورس کا بہترین ریکروٹ اکرام اللہ، فائرنگ کا بہترین ریکروٹ محمد احسان، فزیکل ٹریننگ کا بہترین ریکروٹ امام بخش اور ڈرل کا بہترین ریکروٹ عثمان خان کو قرار دیا گیا جنہیں اعلی کارکردگی پر انعامات سے
نوازا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں