نام نہاد لیڈر، رہنما، دانشور اور سیاسی کارکن قوم کے خیرخواہ نہیں، نصر اللہ بلوچ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے گزشتہ دنوں بزرگ سیاستدان طاہر خان ہزارہ کے حوالے سے کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے اپنے خطاب میں کہا کہ طاہر خان ہزارہ نہ صرف ہزارہ قوم بلکہ مظلوم و محکوم اقوام کے ایک عظیم اور نڈر رہنما تھے، مرحوم کی سیاسی خدمات نہ صرف ہزارہ قوم بلکہ بلوچ اور پشتون سمیت دیگر مظلوم اقوام کے لیے ناقابل فراموش ہے۔ طاہر خان ہزارہ ہمیشہ مظلوموں کے حق میں اور ظالم و استعماری قوتوں کیخلاف بھر پور آواز اٹھائی، مرحوم نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور کبھی بھی قوم اور مظلوموں کے مفادات پر سودے بازی نہیں کی جسکی وجہ سے اہل بلوچستان ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ نصراللہ بلوچ نے کہا کہ ایک ٹھوس نظریہ جو طاہر خان ہزارہ کے عمل سے ثابت ہوچکا ہے وہ یہ ہے کہ تمام انسانوں کے حقوق برابر ہیں اور انسانوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے لازمی ہے کہ تمام محکوم اور مظلوم اقوام کو یکجا کرکے مشترکہ جابر اور استحصالی و استعماری قوتوں سے پرامن جدوجہد اور آئینی طریقے سے ٹکرانے کا بندوبست کیا جائے، مظلوم و محکوم اقوام میں کسی قسم کی تفریق پیدا کرنا محکوم اقوام کے ساتھ دشمنی ہے، تفریق پیدا کرنے والے نام نہاد لیڈر، رہنما، دانشور اور سیاسی کارکن قوم کے خیرخواہ نہیں۔ لہٰذا تمام مخلص سیاسی رہنما و کارکن اور خاص کر نوجوانوں پر یہ فرض اور قرض عائد ہوتا ہے کہ وہ تمام محکوم اقوام کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے اور ظالم اور استحصالی و استعماری قوتوں کیخلاف بھرپور جدوجہد کو یقینی بنائے تاکہ ظالم اور استعماری قوتوں کو لگام دی جاسکے اور محکوم اقوام کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں