اسرائیل نے گیس معاہد ہ کے حوالے سے لبنان کی ترامیم مسترد کردیں
بیت المقدس (انتخاب نیوز)اسرائیل نے لبنان کی جانب سے امریکی ثالثی میں سمندری سرحدی حد بندی کی تجویز پر کی گئی ترامیم مسترد کر دیں، جس سے بحیرہ روم کے متنازع علاقے میں دونوں ممالک کو گیس نکالنے کے قابل بنانے کے لئے برسوں کی سفارتی کوششوں پر شکوک وشبہات پیدا ہوگئے ۔ایک سینئر صہیونی عہدیدار نے کہا کہ اسرائیل کو ثالثوں کی تجویز پر لبنانی ردعمل موصول ہوا اور وزیر اعظم یائیر لپیڈ کو ان بنیادی تبدیلیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا جو لبنان کرنا چاہتا ہے اور مذاکراتی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ اسے مسترد کر دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر لبنانی گروپ حزب اللہ نے کاریش فیلڈ میں گیس کی تلاش کے پلیٹ فارم کو دھمکی دی تو مزید مذاکرات رک جائیں گے۔لبنان میں ایک لبنانی اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ ان کے ملک کو سمندری سرحدی حد بندی کے معاہدے کے مسودے میں ترمیم کرنے کی درخواستوں کے بارے میں اسرائیل کا سرکاری جواب نہیں ملا ہے۔اہلکار نے مزید کہا کہ ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ کیا انکار حتمی ہے یا بات چیت ہوسکتی ہے۔


