نوشکی، پوسٹ آفس اور پاسپورٹ آفس عملے کی غفلت 35 سے زائد شہریوں کے پاسپورٹ غائب
نوشکی(نامہ نگارانتخاب نیوز)گم شدہ پاسپورٹ اگر کسی غلط کام میں استعمال ہوئے تو زمہ دار پاسپورٹ آفیسر اور پوسٹ ماسٹر ہونگے،سابق یوسی ناظم میر جیند خان مینگل کے سربراہی میں متاثرین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے پاسپورٹ کے حصول کے لیے پاسپورٹ آفس نوشکی میں ایپلائی کی تھی 12ستمبر 2022 کو ہمارے پاسپورٹ بذریعہ ڈاک اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچے اور 14 ستمبر کو کوئٹہ سے نوشکی ڈاکخانہ کے لیے روانہ کردئیے گئے ہیں۔مگر 35 شہریوں کے پاسپورٹ نوشکی ڈاکخانہ آفس سے غائب ہیں اور ہم گزشتہ ایک ماہ سے پاسپورٹ آفس اور پوسٹ آفس کا چکر لگا رہے ہیں مگر ہمارے پاسپورٹ تاحال غائب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاسپورٹ آفس اور نوشکی پوسٹ آفس حکام کی غفلت اور لاپروائی کی وجہ سے اس وقت 35 سے زائد شہری پریشانی اور بےچینی کے شکار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر یہ گم شدہ پاسپورٹ کسی غلط کام یا کسی مجرمانہ فعل میں استعمال ہوئے تو اسکی تمام تر زمہ داری پاسپورٹ آفیسر اور پوسٹ ماسٹر پر عائد ہوگی ۔متاثرہ شہریوں نے ڈی جی ایف آئی اے پاسپورٹ اور محکمہ پوسٹل سروسز کے اعلی حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ نوشکی سے غائب درجنوں پاسپورٹ کا نوٹس لیں اور زمہ داروں کے خلاف قانونی کاروائی کریں ۔


