پاک ایران بارڈر تنازع پر معطل چاغی کے ڈپٹی کمشنر کو عہدے پر بحال کردیا گیا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاک ایران سرحد کے راہداری گیٹ پر پیش آنے والے تنازع کے بعد چاغی کے ڈپٹی کمشنر حسین جان بلوچ کو اپنے عہدے پر بحال کردیاگیا۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (سروسز سیکشن) کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر چاغی حسین جان بلوچ کو اپنے عہدے پر بحال کرتے ہوئے انہیں دوبارہ ڈپٹی کمشنر چاغی کی حیثیت سے ذمہ داریاں سرانجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ چاغی کے ڈپٹی کمشنر حسین جان بلوچ اور اسسٹنٹ کمشنر عصمت اللہ اچکزئی کو 25 ستمبر کو پاک ایران تفتان سرحد کے راہداری گیٹ پر ایف سی اہلکاروں کے ساتھ پیش آنے والے تنازعہ کے بعد تادیبی کارروائی کاسامنا کرنا پڑا تھا۔ ایف سی اور عسکری حکام نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو آگاہ کیاتھا کہ ضلعی انتظامیہ کے آفیسران اور لیویز اہلکاروں نے راہداری گیٹ کے تالے کو توڑ کر ریلوے آفیسر کو ایران جانے دیا۔ اس دوران منع کرنے پر ایف سی اہلکاروں پربندوق تانی گئی اور بدسلوکی کی گئی۔ ایف سی حکام نے گیٹ پر تعینات اہلکاروں کی رپورٹ پر چیف سیکرٹری سے دونوں آفیسران کے خلاف کارروائی کی درخواست کی تھی ۔چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے معاملے کانوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ انسپیکشن ٹیم کو فوری تفتان پہنچنے کی ہدایت کی تھی جس پر چیئرمین وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم عبدالصبور کاکڑ اور ممبر ظفر بخاری اور کمشنر رخشان ڈویژن نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور ایف سی کے اعلیٰ آفیسران سے ملاقات کی ۔ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کے بیانات بھی قلمبند کئے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں