نو منتخب برطانوی وزیر اعظم مشکلات کا شکار ، تحریک عدم اعتماد کا امکان

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی پارلیمان کے ارکان نے نومنتخب برطانوی وزیر اعظم لز ٹرس کو نکالنے کے لیے ان کے خلاف عدم اعتماد کے لیٹرز جمع کروانے کی تیاری شروع کردی۔ خبررساں اداروں کے مطابق کنزرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے والے 100 سے زائد ارکان ان کے خلاف پارٹی کمیٹی کے ہیڈ گراہم بریڈی کے پاس عدم اعتماد کے خط جمع کروانے کے لیے تیار ہیں۔

لز ٹرس نے اپنے ایک بیان میں ٹیکسوں میں اضافے اور سخت معاشی پالیسیوں پر کڑی تنقید کے بعد بالآخر معافی مانگ لی ہے،تاہم امید کی جارہی ہے کہ پارلیمان کے ارکان نو منتخب لزٹرس کے خلاف رواں ہفتے فیصلہ کن قدم اٹھا سکتے ہیں۔ ارکان پارلیمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر لز ٹرس فوری طور پر عہدہ نہیں چھوڑتیں تو پھر پارٹی ضوابط میں ایسی تبدیلی کریں کہ فوری طور پر عدم اعتماد کا ووٹ دیا جا سکے۔ گراہم بریڈی نے ارکان کے اقدام کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے جواب میں کہا کہ لز ٹرس اور نو منتخب چانسلر کو حق حاصل ہے کہ وہ نئے بجٹ کے حوالے سے اپنی معاشی حکمت عملی ترتیب دیں۔

دی ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ارکان پارلیمان نے لزٹرس کو ہٹائے جانے کے معاملات پر مشاورت کی ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں یورپی یونین سے الگ ہونے کے حق میں ووٹ دینے کے بعد سے برطانیہ میں 2016 ء سے اب تک 3وزیر اعظم وقت سے پہلے رخصت ہو چکے ہیں۔لز ٹرس نے گزشتہ ماہ کنزرویٹو پارٹی کی قیادت حاصل کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں