ہوڑہ کشتیاں ممنوع جال کا استعمال بند اور چھوٹے ماہی گیروں کی حدود میں شکار نہ کریں، محکمہ فشریز
وندر (انتخاب نیوز) ڈام بندر کی ہوڑہ کشتیاں بلوچستان کی سمندری حدود بارہ ناٹیکل میل کے اندر ماہی گیری نہیں کریں گی، چھوٹی کشتیوں اور ان کے جالوں کو نقصان نہیں پہنچائیں گی، محکمہ فشریز بلوچستان اور ڈام بندر کے مابین معاملات طے پاگئے۔ گزشتہ روز محکمہ فشریز بلوچستان کے ڈائریکٹر عبدالحمید سارنگزئی اپنے عملے سمیت سونمیانی وندر کے ساحلی علاقے ڈام بندر میں ڈام بندر کے ماہی گیروں کے رہنماں سے ان کو درپیش مسئلے پر بات چیت کرنے کےلئے پہنچ گئے۔ انہوں نے ڈام بندر کے ماہی گیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے تمام ماہی گیروں کی کشتیوں اور جان و مال سمیت ان کے ذریعہ معاش کو تحفظ فراہم کرنا اولین فرائض میں شامل ہے اور تمام ماہی گیروں کو درپیش مسائل پر نظر رکھنا اور ان کو حل کرنا ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے آپ لوگوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کےلیے ہم بیٹھے ہیں اور آپس میں مل بیٹھ کر ان مسائل کو حل کرنے کےلیے راہیں ہموار کرنے کےلیے ایک دوسرے سے مشاورت کرکے ان کو حل کریں گے، ہر مسئلے کا ایک حل ہوتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈام بندر کے ماہی گیروں کے نمائندوں سے ان کو درپیش مسئلے کو حل کرنے کےلیے ان سے رائے لیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی سمندری حدود میں کسی قسم کے ممنوعہ جال سے مچھلیاں شکار کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، مقامی ماہی گیروں کے روزگار کو مدنظر رکھتے ہوئے باہمی مشاورت سے کوئی راستہ نکالا جاسکتا ہے، جس پر ڈام بندر کے ماہی گیروں کے رہنماں نے ان کو رائے دیتے ہوئے کہا کہ ہماری ہوڑہ کشتیاں بلوچستان کے سمندری حدود بارہ ناٹیکل میل سے باہر مچھلیاں شکار کریں گی اور اس بات کا ہمہ وقت خیال رکھیں گے کہ کسی چھوٹی کشتی کا جال یا کوئی چھوٹی کشتی کو کسی قسم کانقصان نہ پہنچے، ہنگول اور کنڈ ملیر کے ساحل سمندر کے قریب نہیں آئیں گے جس سے ان کو کوئی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو، ایمرجنسی کی صورت میں ہنگول اور کنڈ ملیر کے بندر میں آئیں گے، ہمارے ہوڑوں کی وجہ سے چھوٹے ماہی گیروں اور ان کی چھوٹی کشتیوں اور ان کے ذریعہ معاش کا مکمل خیال رکھا جائے گا، جس پر ڈام بندر کے ماہی گیروں کے رہنماﺅں نے متفقہ طور پر اتفاق کرتے ہوئے اس فیصلے کو قبول کیا۔ اس موقع پر محکمہ فشریز کے انسپکٹر عبدالشکور رونجھو، ماہی گیروں کے رہنما سیٹھ پرویز احمد دودا سیٹھ حاجی محمد الیاسانی حاجی کریم بخش الیاسانی حاجی محمد یونس راجپوت وڈیرہ زنگی خان خاصخیلی وڈیرہ محمد حنیف قاسوانی وڈیرہ محمد سلیم کاکانی وڈیرہ محمد خان چنہ بشیر احمد خاصخیلی سیف اللہ خاصخیلی حبیب اللہ رموانی حاجی اقبال جمیل احمد قریشی محمد اشرف رودینی بلوچ ماما نواز خاصخیلی محمد رحیم خاصخیلی اور بڑی تعداد میں ماہی گیر موجود تھے۔


