دکی، محکمہ ریونیو میں خالی 42 اسامیوں پر دو سال بعد بھی تعیناتیاں نہ ہوسکیں
دکی (انتخاب نیوز) محکمہ ریونیو میں خالی 42 اسامیوں پر دوسال پورا ہونے کے باجود تقرری نہ ہوسکی۔ دسمبر 2020 ءمیں محکمہ ریونیو کی 42 خالی پوسٹیں مشتہر ہوچکی تھیں۔ جن میں کلاس فور سمیت جونئیر کلرک اور دیگر پوسٹیں شامل تھیں۔ ٹیسٹ اور انٹرویو کا عمل مکمل ہونے کے باجود دو سال تک لسٹیں تیار نہ ہوسکیں۔ دوسال بعد جب لسٹیں تیار ہوکر سینئر ایم بی آر کے پاس پہنچیں تو ایم بی آر نے منظوری کے لئے بھیجا، لسٹ ٹائم بار یعنی مقررہ مدت میں تعیناتیاں نہ کرنے کی وجہ سے لسٹ کی منظوری نہیں دی اور 42 خالی اسامیاں خالی ہی رہ گئیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ بالا پوسٹوں پر ٹیسٹ اور انٹرویو کا عمل مکمل ہونے کے بعد چھ مہینے کے اندر اندر تعیناتیاں ہونی تھیں۔ سیاسی عمل دخل کی وجہ سے بروقت لسٹیں تیار نہ ہونے اور بار بار لسٹوں میں ردو بدل ہونے سے 42 خالی اسامیاں ضائع ہوگئیں۔ ذرائع کے مطابق اب ان پوسٹوں کو دوبارہ مشتہر کرکے ٹیسٹ اور انٹرویو کا عمل مکمل کرکے شاید کئی سال بعد تعیناتیاں ہوسکیں۔


