فورسز ایرانی عوام کے دفاع کیلئے ہیں، مظاہرین سڑکوں پر نہ آئیں، پاسداران انقلاب
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کے سربراہ حسین سلامی نے مظاہرین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اب سڑکوں پر نہ آئیں، مظاہروں کا مذموم منصوبہ امریکا نے بنایا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کے سربراہ حسین سلامی نے مظاہرین کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج مظاہروں کا آخری دن ہے، اب مظاہرین سڑکوں پر نہ آئیں۔ حسین سلامی کا کہنا ہے کہ امریکا، برطانیہ اور اسرائیل نے ایران کو غیر مستحکم کرنے کیلئے بے امنی کا منصوبہ بنایا ہے، ایرانی عوام اس کا حصہ نہ بنیں، سیکورٹی فورسز ایرانی عوام کے دفاع کیلئے ہیں۔ خیال رہے کہ ایران میں ستمبر میں 22 سالہ مہسا امینی کی زیر حراست موت کے بعد سے مظاہرے جاری ہیں، مہسا امینی 16 ستمبر کو پولیس کی حراست میں مبینہ طور پر دل کے دورے سے انتقال کرگئی تھیں۔ انسانی حقوق گروپ کے مطابق مظاہرین کیخلاف کریک ڈاؤن میں اب تک کم ازکم ڈھائی سو افراد ہلاک جبکہ ہزاروں گرفتار کیے جاچکے ہیں۔


