عمران خان کو محفوظ راستہ نہ دیا جائے، نواز شریف کی شہباز شریف کو ہدایت

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مطالبات ماننے سے منع کردیا۔ اپنی ٹوئٹ میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ 10 لاکھ لانے کا دعویٰ کرنے والا ابھی تک 2000ء بندے اکٹھے نہیں کرسکا، عوام کی لا تعلقی کی وجہ وہ شر انگیز جھوٹ ہیں جن کا کچا چٹھہ قوم کے سامنے آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نے ایک کے بعد ایک جھوٹ اتنی بے دردی اور ڈھٹائی سے بولا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو مجبوراً اپنی خاموشی توڑ کر قوم کو سچ بتانا پڑا جس کا جواب یہ اتنے دن گزرنے کے بعد بھی نہیں دے سکا، اسی لیے اس کا سارا زور حسبِ عادت صرف گالی گلوچ تک محدود ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ میں نے شہباز شریف سے کہہ دیا ہے یہ2 ہزارکا جتھہ لے آئے یا 20 ہزار کا، نہ اس فتنے کا کوئی مطالبہ سننا ہے نا ہی اسے کوئی فیس سیونگ دینی ہے، جس کے لیے یہ بیتاب ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم کو اپنی تمام تر توجہ عوامی خدمت پر مرکوز رکھنی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں