مستونگ میں اتائی ڈاکٹر لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے لگے، نوٹس لیا جائے، عوامی حلقے

مستونگ (انتخاب نیوز) ضلع مستونگ کے مختلف علاقوں میں اتائی ڈاکٹروں کی بھرمار،درجنوں نام نہاد ڈاکٹرز انسانی زندگیوں سے کھیلنے اور سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے میں مصروف، پوچھنے والا کوئی نہیں، محکمہ صحت اور ڈرگ انسپکٹر نے بھی چپ سادھ لی ہے، عوامی حلقوں کا کمشنر و ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق ضلع مستونگ شہر کے علاوہ تحصیل دشت تحصیل کردگاہ تحصیل کھڈکوچہ، مستونگروڈ، سنگر، درینگڑھ سمیت مختلف علاقوں اور قومی شاہراہوں پر واقع ہوٹلز، لنک روڈز اور کلیوں میں جگہ جگہ نام نہاد اتائی ڈاکٹروں نے کلینک کھول کر بلاخوف و خطر لوگوں کو ہر قسم کی مرض کے لیے علاج کرنے میں مصروف ہے۔واضح رہے کہ اکثر مڈل و میٹرک پاس اور نان کوالیفائیڈ لوگوں نے اپنی خودساختہ کلینکس قائم کر کے نہ صرف غیر معیاری کمپنیوں کے سستے اور مضر صحت ادویات کو دگنی قیمت پر فروخت کر کے سادہ لوح لوگوں کو لوٹ رہے ہیں بلکہ جن میں سے اکثریت ہر قسم کی بیماریوں کا علاج کرنے میں بھی مصروف ہے۔ اتائی ڈاکٹروں کی خود ساختہ علاج و معالجہ اور سادہ لوح مریضوں پر تجربے نے اب تک کئی قیمتی انسانی زندگیوں کی چراغ گل کرنے کی سبب بننے کے ساتھ کئی زندگی بھر کے لئے معذور ہوچکے ہیں اور یہاں یہ بھی امر قابل ذکر ہے کہ ڈرگ انسپکٹر کی ٹیم مذکورہ خود ساختہ کلینکس کی چیکنگ کے لئے جب بھی ضلع مستونگ پہنچتی ہے تو اتائی ڈاکٹرز کو متعلقہ ذمہ داران برق رفتاری کے ساتھ اطلاع کر دیتے ہیں اس طرح اتائی ڈاکٹرز اپنی کلینکس کے دروازے بند کرکے زیر زمین چلے جاتے ہیں۔ دوسری جانب رواں سال اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے کارروائی کی گئی اور کارروائی کے دوران متعدد بار سیل کیے گئے کلینکس چند دنوں بعد دوبارہ کھل جاتے ہیں اور اتائیوں نے دیدہ دلیری کے ساتھ مریضوں کی صحت سے کھیل کر اپنی کاروبار چلا رہے ہیں۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے ضلع بھر میں درجنوں ایسے اتائی ڈاکٹرز ہیں جو یا تو ڈسپینسر ہے یا اس حساس شعبہ سے انکا کبھی تعلق ہی نہیں رہا ہے۔ ایسی کالی بھیڑیوں کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے جو چند پیسوں کے عوض عوام کی جمع پونجی بٹور کر انہیں موت کے منہ میں دھکیل رہی ہی کیونکہ مسیحاؤں کے روپ میں قصابوں کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت کیسے دی جاتی ہے۔ ان انسان دشمنوں کے خلاف کارروائی ناگزیر ہوچکی ہے۔ عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر مستونگ یاسر اقبال دشتی اپیل کی ہے کہ خودساختہ کلینکس و اتائی ڈاکٹروں کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لانے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں