امیدواروں کی درخواست خارج، پبلک سروس کمیشن کے امتحانات دسمبر 19 سے ہونگے

کوئٹہ (انتخاب نیوز) چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس نعیم اختر افغان اور جناب جسٹس اقبال احمد کاسی پر مشتمل ڈویژنل بنچ نے محکمہ ملازمتہائے عمومی نظم و نسق (S&GAD) میں اسسٹنٹ کمشنر اور سیکشن آفیسر (B-17) کی خالی آسامیوں پر بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے مقابلے کے مشترکہ امتحان کی تاریخ میں تبدیلی کیلئے دی جانے والی آ ئینی درخواست خارج کر دی۔ یہ امتحان 19دسمبر 2022سے شروع ہو رہے ہیں۔جبکہ درخواست گزار کا موقف تھا کہ چونکہ حالیہ سیلاب سے بلوچستان کے کئی اضلاع متاثر ہو ئے ہیں۔ جسکے باعث مقابلے کا امتحان دینے والے امیدوار بھی بحالی کی سر گر میوں کی وجہ سے مطالعے /تیاری پر اپنی توجہ مبذول نہیں کر سکے ہیں لہذا یہ امتحان دسمبر 2022کی بجائے مارچ2023میں منعقد کروائے جائے۔ معزز عدالت کو سیکرٹری بلوچستان پبلک سروس کمیشن نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنرز /سیکشن آفیسرز (B-17) کی پوسٹوں کیلئے امتحان منعقد کروانے بارے اشتہار 24فروری 2022 کومشتہر کیا گیا تھا۔ جسمیں یہ بتادیا گیا تھا کہ امید وار کی عمر یکم جنوری 2022سے شمار کی جائے گی۔ BPSCتو امتحان ستمبر 2022میں منعقد کروانا چاہتی تھی لیکن سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے کچھ امید واروں نے امتحان کی تاریخ آگے بڑھانے کی درخواست کی۔ اس پر کمیشن نے اکتوبر 2022میں امتحان منعقد کروانے کا ارادہ کیا لیکن پھر متاثرہ علاقوں کے امیدواروں کی درخواست پر نومبر 2022اور آخر کار دسمبر 2022 میں امتحان منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اور جیسا کہ سبجیکٹ امتحانات کیلئے محکمہ عمومی نظم ونسق (S&GAD) حکومت بلوچستان کے اعلان کردہ بلوچستان سیول سروس (ایگزیکٹیو پرانچ) رولز 1984کو مانا جا تا ہے جس کے مطابق امید وار کی عمر کی حد کا تعین امتحانی سال کے پہلے ماہ یعنی یکم جنوری سے کیا جاتا ہے اور اگر درخواست گزار کی بات تسلیم کرلی جاتی ہے اور امتحان دسمبر 2022کی بجائے مارچ 2023میں منعقد کروائے جاتے ہیں تو مذکورہ بالا رول کے مطابق عمر کی حد کا تعین پھر یکم جنوری 2023سے کیا جائے گا جسکی وجہ سے 29امیدوار اورایچ(Overage) ہو جائنگے۔ معزز عدالت نے درخواست گزار اور سیکرٹری BPSCکی معاونت میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کے دلائل کو سنا اور 1984کے مذکورہ رول اور دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لیا اور 1984کے رول 6(2)(a)کی روشنی یہ بات سامنے آئی کہ مقابلے کے مشترکہ امتحانی سال کے پہلے ماہ یعنی یکم جنوری سے ہی امید وار کی عمر کی حد کا تعین کیا جاتا ہے۔ لہذا اگر یہ امتحان دسمبر 2022 میں منعقد ہوتے ہیں تو امیدوار کی عمر کا تعین یکم جنوری 2022سے ہوگا اور اگر یہ امتحان 2023تک ملتوی کرا کے مارچ 2023میں منعقد کروائے جاتے ہیں تو پھر امید واروں کی عمر کی حد کا تعین مذکورہ بالا رول کے مطابق یکم جنوری 2023سے کرنا ہوگا جسکی وجہ کئی امید وار overage ہو جائنگے۔معزز عدالت ان حالات کے پیش نظر درخواست گزار کو ریلیف نہیں دے سکتی اور ان کی آ ئینی درخواست خارج کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں