بھارت، بچے کے کاٹنے سے کو برا سانپ ہلاک

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں آٹھ سالہ لڑکے نے حملہ کرنے والے کوبرا سانپ کو کاٹ کر موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔ واقعہ ریاست چھتیس گڑھ کے دورافتادہ گاؤں پندرپادھ میں پیش آیا جہاں دیپک نامی لڑکے پر ایک کوبرا سانپ نے حملہ کر دیا۔ سانپ نے دیپک کی کلائی میں اپنے جبڑے گاڑ دیئے اور کلائی سے لپٹ گیا۔دیپک نے جھٹک کر سانپ کو اپنے بازو سے الگ کرنے کی کوشش کی اور ناکامی پر اسے اپنے دانتوں سے کاٹنا شروع کر دیا۔ اس واقعے میں سانپ مر گیا مگرخوش قسمتی سے دیپک محفوظ رہا۔ بتایا گیا ہے کہ سانپ دیپک کے جسم میں زہر داخل کرنے میں ناکام رہا تھا، جس کی وجہ سے اس کی جان بچ گئی۔ دیپک کا کہنا ہے کہ ”جب سانپ میری کلائی سے لپٹ گیا تو مجھے کچھ ہوش نہ رہا، اس کے بعد میں نے کیا کیا، مجھے اس کا کوئی علم نہیں۔ جب سانپ جھٹکنے سے بازو سے نہ گرا تو غیرارادی طور پر میں نے اسے دانتوں سے کاٹنا شروع کر دیا۔ واضح رہے کہ دنیا میں سانپوں کے کاٹنے سے سب سے زیادہ اموات بھارت میں ہوتی ہیں۔ ایک حالیہ تحقیق کے مطابق2019 میں دنیا بھر میں سانپوں کے کاٹنے سے 63ہزار اموات ہوئیں، جن میں سے 51ہزار صرف بھارت میں ہوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں