بیلہ، گوٹھ بریا میں گرلز اور بوائز پرائمری اسکولوں میں سہولیات کا فقدان، تدریسی عمل متاثر

بیلہ (انتخاب نیوز) بوائز پرائمری اسکول سید گوٹھ بریا اور پرائمری گرلز اسکول سید گوٹھ رجل کے طلبا و طالبات اور اساتذہ شدید مشکلات اور دشواریوں کا شکار، اسکولوں کی عمارتیں نہ ہونے سے درس و تدریس کا عمل بری طرح متاثر، طلبا و طالبات کی تعلیمی نقصان سے دوچار۔ تفصیل کے مطابق 1954ء میں قائم گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول گوٹھ سید بریا بیلہ کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہے اسکول میں پانی بجلی اور واش رومز سمیت بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول سید گوٹھ رجل بیلہ کی طالبات بھی عمارت نہ ہونے کے سبب جھونپڑی میں زیر تعلیم ہیں، بارشوں سردی اور گرمیوں میں طالبات اور استانیوں کو شدید مشکلات لاحق ہیں۔ عوامی حلقوں اور علاقہ مکینوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیمی فروغ کیلئے بلند و بانگ دعوے کرتے تھکتی نہیں اور دوسری جانب پرائمری اسکولوں کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور محکمہ تعلیم کے بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول گوٹھ سید بریا اور گرلز پرائمری اسکول سید گوٹھ رجل بیلہ کی عمارت تعمیر کی جائے اور طلبا و طالبات کو درپیش مشکلات سے نجات دلائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں