عمران خان کی بلیک میلنگ کے آگے سر جھکانا فوج کے لیے ایک برا آپشن ہوگا
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف امریکی اخبار میں شائع مضمون میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ مضمون نگار نے لکھا کہ اگر فوج بکھرتی ہے تو اس کے بعد پاکستان بھی نہیں بچے گا، سینئر فوجی افسر کو عوامی سطح پر نشانہ بنانا انتقامی کارروائی اور سول ملٹری تعلقات کو بڑا نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ اخبار کے مطابق عمران خان کا فوج کے لیے پیغام واضح ہے کہ میرے لیے نہیں کھیلو گے تو تمہیں ڈس کریڈٹ کرنے کے لیے ہر حد تک جاؤں گا، عمران خان کا طرز عمل صاف بتا رہا ہے کہ وہ بطور ادارہ فوج کو بدنامی کی حد تک لے جانا چاہتے ہیں۔ اخبار کے مضمون میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان کی بلیک میلنگ کے آگے سر جھکانا فوج کے لیے ایک برا آپشن ہوگا، موجودہ صورت حال میں فوجی قیادت کے سامنے چند اچھے آپشن بھی ہیں تاہم عمران خان کی بلیک میلنگ کو تسلیم کرنا ادارے کو کمزورکرنے کے مترادف ہوگا۔ مضمون نگار کے مطابق پاکستان میں فوج کے کردار پر تنقید بھی کی جاتی ہے لیکن ملک کے لیے اس کی شاندار خدمات زیادہ اہم ہیں، یہ فوج ہی ہے جس نے بھارت سمیت دیگر پاکستان مخالفین کو مشکلات میں پھنسائے رکھا ہے اور فوج نے ایک غیر فعال ملک میں ایک فعال ادارے کے طور پر اپنے آپ کو منوایا ہے۔


