واشک میں پی پی ایل کمپنی کے جاری فنڈ سیاسی کشمکش کے باعث استعمال نہ ہوسکے، عوامی حلقوں میں تشویش

واشک (نامہ نگار) بلوچستان کے علاقے ضلع واشک میں تیل، گیس و معدنیات تلاش کرنے والی پی پی ایل کمپنی کا سروے جاری ہے، اس سلسلے میں حکومت کی پالیسی کے مطابق پی پی ایل جس ضلع میں کام کریگی وہاں ضلع کی ترقی کے لیے سالانہ فنڈز فراہم کریگی، جسکے لیے 2016-17ء میں واشک کے ضلعی ہیڈ کوارٹر کے ضلعی دفتر میں سی ایس آر پروجیکٹ کے نام سے سولر پینل سسٹم ماڈل اسکول میں امتحانی ہال اور ہاسٹل تعمیر کیا گیا مگر 2018ء کے بعد کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز سیاسی نمائندگان کی آپس کی کشمکش سے خرچ نہیں ہوپائے۔ سی ایس آر فنڈز کی تقسیم کے لیئے حکومت کی جانب سے ایک کمیٹی قائم کی گئی جسکے چیئرمین ضلع سے منتخب ایم این اے جبکہ ایم پی اے اور ڈپٹی کمشنر کمیٹی کے ممبر ہونگے جو باہمی مشاورت سے مذکورہ فنڈز ضلع کے تعلیم، صحت، روڈ، آبنوشی، فٹ پاتھ، اسٹریٹ لائٹ سمیت شہر کے خوبصورتی کے لیے استعمال کرینگے مگر باخبر ذرائع کے مطابق چیئرمین سی ایس آر کے کمیٹی کے عدم دلچسپی سے بارہ کروڑ تاحال علاقائی ترقی کے لیے خرچ نہیں ہو پارہے ہیں جبکہ اس سلسلے میں ایم پی اے واشک حاجی زابد علی ریکی کے مطابق ہم ضلع کی ترقی کے لیے باہمی مشاورت سے مذکورہ خطیر رقم خرچ کرنا چاہتے ہیں جسکے لیے کئی بار ضلع کے ڈپٹی کمشنر سے میٹنگ بھی کی مگر چیئرمین کمیٹی کی عدم دلچسپی کے باعث سے سی ایس آر فنڈز سرد خانے میں ہے۔ تاہم اس سلسلے میں ایم این اے واشک پنجگور، آواران جو وفاقی مشیر کے عہدے پر فائز ہیں ان سے رابطہ کرکے انکا مؤقف معلوم کرنے کی کوشش کی گئی مگر وہ دستیاب نہ ہوسکے اور یوں منتخب نمائندگان کے آپس کے سیاسی چپقلش و کشمکش سے واشک میں سی ایس آر فنڈز گزشتہ پانچ سال سے ڈپٹی کمشنر کے اکاؤنٹ میں ہونے کے باوجود خرچ نہیں ہورہے۔ واشک کے عوامی اور سماجی حلقوں نے سی ایس آر کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واشک کے عظیم تر مفاد میں سی ایس آر فنڈز کو مل بیٹھ کر باہمی مشاورت سے ضلع کی پسماندگی کے خاتمے کے لیئے خرچ کرنے کے لیئے موثر کردار ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں