بلوچستان میں مصنوعی سیاسی جماعتیں اور قیادت بنانے کے منفی عمل کو بند کرنا ہوگا، نیشنل پارٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی، بی ایس او پجار کے زیر اہتمام ڈاکٹر یاسین بلوچ کی برسی کی مناسبت سے تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے ڈاکٹر یاسین بلوچ کی قومی جدوجہد و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر یاسین بلوچ تاریخ کا حصہ نہیں بلکہ خود ایک عہد و تاریخ بن گئے۔ انہوں نے سیاست میں سنجیدگی و بربادری اور اقدار کو پروان چڑھایا۔ ڈاکٹر یاسین بلوچ نے تنظیمی نظم و ضبط فکری افکار عملی کردار اور سیاسی کمٹمنٹ پر برسرپیکار رہ کر وطنی جدوجہد کی۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر وضلعی صدر حاجی عطاء محمد بنگلزئی مرکزی ریسرچ اینڈ ایڈوکیسی سیکرٹری آغا گل مرکزی کمیٹی کے ممبر محراب بلوچ صوبائی خواتین سیکرٹری کلثوم نیاز بلوچ بی ایس او پجار کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری نعیم بلوچ سمیت دیگر نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسین بلوچ نے دیگر اکابرین کے ساتھ ملکر بلوچ قوم کے شعوری فکری ادارہ بی ایس او کی آبیاری کی اور بی ایس او کو اکابرین کی فکر و فلسفہ کا وراث بنایا۔ رہنماؤں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسین بلوچ نے ہمیشہ اصولوں و نظریات کو فوقیت دی۔ ان کی طویل سیا سی جدوجہد قومی ورثہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر قومی اہداف کے حصول کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بغیر سیاسی جمہوری عمل کے آگے نہیں بڑھ سکتا۔ جمہوری عمل پر قدغن کی منفی پالیسی نے ملک کو گمبھیر بحرانوں سے دوچار کردیا۔ تمام جملہ مسائل کی ذمہ دار آمریت اور جمہوری سیاسی عمل میں رکاوٹ ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان میں مصنوعی سیاسی جماعتیں اور قیادت بنانے کے منفی عمل کو بند کرنا ہوگا۔ روز اول سے عوام مخالف عناصر کو دھاندلی و غلط انداز سے بلوچستان کے عوام پر مسلط کیا گیا ہے۔ جنہوں نے بلوچستان میں تعمیر و ترقی و خوشحالی کے بجائے پسماندگی و لا چارگی کی آماجگا بنا دیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ عوام کو سیاسی شعور و بالیدگی سے عوام دشمن عناصر سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔ نیشنل پارٹی واحد قومی سیاسی جماعت جو حقیقی معنوں میں سیاسی اصولوں پر آراستہ سیاسی جماعت ہے۔ بلوچستان بھر میں باشعور عوام کی نیشنل پارٹی میں شمولیت پارٹی کی عوامی وقومی جدوجہد کی کامیابی ہے۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے صوبائی فنانس سیکرٹری عبید لاشاری ممبران ورکنگ کمیٹی صدیق کھیتران، انیل غوری، سلمیٰ قریشی، بی ایس او پجار کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری وکرم بلوچ ممبر مرکزی کمیٹی ڈاکٹر طارق بلوچ ضلعی نائب صدر حنیف کاکڑ ضلعی لیبر سیکرٹری نصراللہ شاہوانی نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ نظامت کے فرائض ضلعی جنرل سیکرٹری ریاض زہری اور تلاوت کی سعادت صوبائی یوتھ سیکرٹری نعیم بنگلزئی نے حاصل کی۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے ممبر مرکزی کمیٹی نیاز بلوچ صوبائی ترجمان علی احمد لانگو ممبر ورکنگ کمیٹی ظفر بلوچ ضلعی فنانس سیکرٹری سعید سمالانی تحصیل صدر کے صدر حاجی حبیب اللہ رند جنرل سیکرٹری اختر لانگو ڈپٹی جنرل سیکرٹری گل خان نصیر انفارمیشن سیکرٹری نصراللہ رند تحصیل برما ہوٹل سریاب کے صدر حاجی بابل بنگلزئی جنرل سیکرٹری عارف کرد انفارمیشن سیکرٹری آصف بنگلزئی تحصیل کیچی بیگ کے صدر قیوم سجن جنرل سیکرٹری رحمت اللہ محمد حسنی رابط سیکرٹری ریاض شاہوانی سعدیہ بادینی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔


