بی پی ایل اے انتخابات، یکجہتی پینل کی جیت، پروفیسر طارق بلوچ صدر منتخب

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر اور ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر طارق نے بلوچستان کالجز پروفیسرز کی ایسوسی ایشن کے انتخابات میں بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کی کابینہ بی پی ایل اے کی شاندار روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے کالج اساتذہ کے حقوق کے تحفظ اور حصول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پروفیسر طارق بلوچ نے کہا کہ سابقہ کابینہ کی کامیابیوں اور کارکردگی کو ساتھ لے کر مستقبل سے متعلق مشاورت اور اجتماعی دانش کی بنیاد پر جدوجہد کو تیز کیا جائے گا۔ پروفیسر طارق بلوچ نے یکجہتی پینل اور پروگریسیو پینل کے کارکنوں اور حامیوں کے بی پی ایل اے الیکشن میں مثبت سرگرمیوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے اندر جمہوری اور شاندار تہذیبی رویوں کو فروغ دینا ہے جس کے لیے ایک دوسرے کی رائے کا احترام اور بی پی ایل اے کے مشترکہ پلیٹ فارم سے اتحاد و اتفاق پر زور دیا۔ نو منتخب جنرل سیکرٹری پروفیسر رازق الفت کاکڑ نے بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے انتخابات خوش اسلوبی سے طے کرانے پر الیکشن کمیٹی اور پریذائیڈنگ آفیسرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ برادری میں ان کی جمہوری خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پروفیسر الفت نے اس موقع پر اس بات کا اعادہ کیا کہ نو منتخب کابینہ پچھلی کابینہ کے منظور شدہ منٹس کے ساتھ ساتھ موجودہ منشور اور پروگرام پر بھی ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا یکجہتی پینل کی کامیابی دراصل پوری برادری کی کامیابی ہے کوئی بھی انتخابی عمل اجتماعی مفادات کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ اس سلسلے میں دونوں پینلوں نے شاندار جمہوری روایات کو آگے بڑھایا، امید ہے کہ اجتماعی اور مشترکہ مقاصد کے لیے ہم سب ایک ہیں اور ایک ساتھ ہر وقت ایک رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں