بلوچستان کی خواتین صلاحیتوں کے حوالے سے کسی سے کم نہیں، قائم مقام گورنر بلوچستان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا کہ خواتین پر تشدد کے خلاف ایکٹیویزم کے سولہ دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت میرے لے باعث فخر و مسرت ہے،خواتین کے حقوق و اختیارات کا سلسلہ سولہ دنوں تک محدود کرنے کی بجائے دوامدار طریقے سے مزید بھی جاری وساری رکھنا چاہیے۔ قائمقام گورنر بلوچستان نے کہا کہ خواتین ہماری کل آبادی کا نصف حصہ ہے جس کو کسی صورت ہم نظر انداز نہیں کر سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں خواتین پر تشدد کے خلاف ایکٹیویزم کے سولہ دن کے حوالے سے منعقدہ افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری مہ جبین شیران، صوبائی ترجمان فرح عظیم شاہ، فوزیہ، ثناء درانی، صوبائی سیکرٹریز سکندر شاہ اور قمر طارق سمیت سول سوسائٹی، میڈیا اور خواتین فورمز کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد بھی شریک تھے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین صلاحیتوں کے حوالے سے کسی سے کم نہیں ہیں۔ صوبے میں فیمیل کیڈٹ کالجز کی طرح ہمیں خواتین کو جدید مہارتیں سیکھنے اور سکھانے کیلئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مزید ادارے کھولنے چاہیے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ ہماری خواتین مختلف محاذوں پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں انہوں نے جید علماء کرام پر زور دیا کہ وہ دین مبین اسلام کی روشنی خواتین کے حقوق اور اختیارات کو کتابی شکل میں سامنے لائیں تاکہ نئی نسل اسلامی تعلیمات سے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا قومی فریضہ ہے کہ اپنے معاشرے کے تمام بیآواز لوگوں کی آواز بن جائیں، آخر میں قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے خواتین پر تشدد کیخلاف ایکٹیویزم کے سولہ دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے مقررین اور منتظمین یادگاری شیلڈز تقسیم کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں