کوئٹہ میں گیس کی عدم فراہمی، مغربی بائی پاس پر مکینوں کا شدید احتجاج، شاہراہ بند کردی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گیس کی عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکینوں نے مغربی بائی پاس جبل نور کے مقام پر بلاک کرکے شدید احتجاج کیا جس سے ہر قسم کی ٹریفک معطل ہوگئی اور سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث گیس پریشر میں کمی اور بندش نے علاقہ مکینوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ گیس کی عدم فراہمی کی وجہ سے ایل پی جی اور سوختنی لکڑی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ آئے روز کوئٹہ کے باسی گیس پریشر میں کمی اور بندش کے خلاف مختلف سڑکوں کو بلاک کرکے سراپا احتجاج نظر آرہے ہیں تا حال اس مسئلے کے حل کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا سوموار کو مغربی بائی پاس اور گردونواح کے علاقہ مکینوں نے گیس کی عدم فراہمی کے خلاف جبل نور چوک کے قریب روڈ بلاک کرکے شدید احتجاج کیا جس سے ہر قسم ٹریفک معطل ہوگئی۔ اور سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ کئی گھنٹوں تک روڈ بلاک رہنے کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انتظامیہ کی یقین دہانی پر مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کرتے ہوئے روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا۔


