کوئٹہ، پولیس ٹرک پر خودکش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہوگئی، 16 اہلکاروں سمیت 27 زخمی، 2 کی حالت تشویشناک
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ کے نواحی علاقے بلیلی میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک پر خودکش حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکار ماں بچے سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 16 پولیس اہلکاروں سمیت 27 افراد زخمی ہوگئے۔ جن میں 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے سے 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا دھماکے سے پولیس کا ٹرک گہری کھائی میں گرنے سے الٹ گیا اور آگ لگنے سے گاڑی جل گئی۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ایف سی کی ٹیمیں ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ، ایس ایس پی آپریشن سمیت دیگر حکام موقع پر پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک میں سوار پولیس اہلکار پولیو کی جاری مہم میں اپنے مختص کئے جانے والے پوائنٹ پر ڈیوٹی سر انجام دینے کے لئے جارہے تھے کہ کوئٹہ کے نواحی علاقے بلیلی میں بائی پاس پر رکشے میں سوار نامعلوم ملزم نے رکشے کو پولیس کے ٹرک کے ساتھ ٹکرا دیا جس کے نتیجے میں اس میں موجود شخص اور دھماکہ خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا اور ٹرک الٹ کر گہری کھائی میں جا گرا قریب سے گزرنے والی 2 گاڑیاں بھی دھماکے کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی محمد ابراہیم بی سی کے ٹرک کے نیچے آکر شہید ہوگیا۔ اور گاڑی میں سوار خاتون مسما زینب بی بی اور اس کا 8 ماہ کا بچہ عمران اور عدنان موقع پر جاں بحق ہوگئے اور دھماکے میں 16 پولیس اہلکاروں سمیت سکندر خان، منظور احمد، محمد نواز، گل جان، بہرام خان، عبدالحق، فہیم خان، جمیل احمد، رحیم اکرم، امیر بخش، ضیاالرحمان، ہارون نثار، محمد حیات، قادر بخش، غلام حیدر، محمد نعیم، نہال الدین، ظفر خان، عمر خان، نادیہ بی بی سمیت 27افراد زخمی ہوگئے اور دھماکے سے بی سی کا ٹرک سمیت 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا ایک گاڑی جوکہ قریب سے گزرتے ہوئے دھماکے کی زد میں آنے سے آگ لگنے سے جل گئی دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ایف سی، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاکے حوالے کردی گئیں۔ بتایا جاتا ہے ماں اور بیٹا اپنے اہلخانہ کے ہمراہ گاڑی میں کوئٹہ کے علاقے نواں کلی سے لاہور جارہے تھے کہ وہ دھماکے کی زد میں آگئے۔ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ کیپٹن (ر) غلام اظفر مہیسر، سیکرٹری ہیلتھ بلوچستان صالح محمد ناصر اور ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ عبدالحق عمرانی نے ٹراما سینٹر میں دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور انہیں دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اس سے قبل ڈی آئی جی پولیس اور ایس ایس پی آپریشن نے جائے وقوعہ کا بھی معائنہ کیا۔


