کوئٹہ میں فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائیاں، ناقص انتظامات پر 20 مراکز پر جرمانے عائد

کوئٹہ (انتخاب نیوز) صحت بخش خوراک کی فراہمی کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس ضمن میں بی ایف اے کی موبائل لیبارٹری ٹیموں سمیت مختلف فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مراکز کی انسپکشن کے دوران 20 مراکز پر جرمانے عائد کردیے۔ دودھ اور مختلف ڈیری پراڈکٹس کے معیار کی جانچ و ملاوٹی دودھ کی فروخت کے تدارک کیلئے بلوچستان بی ایف اے حکام نیمشن روڈ اور طوغی روڈ میں ملک شاپس کا معائنہ کیا، جہاں دودھ میں ملاوٹ پر 2 دکانوں پر جرمانے عائد کیے گئے۔ اسی طرح زائد المعیاد و پابندی عائد، مضر صحت کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے پر سبزل روڈ میں 3 جنرل اسٹورز اور ایک بیکری سمیت 5 مراکز کیخلاف کارروائی کی گئی۔ ایک نان شاپ کیخلاف صفائی و نکاسی آب کے ناقص انتظامات اور کم وزن پیڑے سے تیار کردہ نان کی فروخت پر ایکشن لیا گیا۔ دوران انسپکشن جنرل اسٹورز و بیکری سے برآمد شدہ ایکسپائر مصالحے، ڈبل روٹی (Bread)، ممنوعہ چائنیز نمک اور نان فوڈ گریڈ کلرز ضبط کرلیے گئے۔ علاوہ ازیں غیر معیاری خوراک کی فراہمی اور قوانین کی خلاف ورزی پر مری آباد اور طوغی روڈ میں 7 مراکز کو جرمانہ کیا گیا، دو جنرل اسٹورز اور ایک پیزا کارنر کیخلاف فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی پر کارروائی کی گئی۔ فاطمہ جناح روڈ اور شیر محمد روڈ میں 6 مختلف کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے کیے گئے، بی ایف اے انسپکشن ٹیم کے مطابق جرمانے کیے گئے، تمام مراکز کے فوڈ بزنس لائسنس نہیں تھے جبکہ 4 جنرل اسٹورز سے زائد المیعاد خوردنی مصنوعات، ممنوعہ چائنیز نمک و گٹکا، پان پراگ اور نان فوڈ گریڈ کلرز برآمد ہوئے جبکہ ایک ہوٹل میں اصلاحی نوٹس کے باوجود صفائی و اشیاء اسٹوریج کے انتظامات حسب سابق حفظان صحت کے اصولوں کے برخلاف پائے گئے۔ علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی ٹیم نے سول ہسپتال کے باہر کولڈرنکس و جوس فروخت کرنیوالوں کو ہدایت کی کہ مشروبات کو مناسب درجہ حرارت پر رکھا جائے اور اس کے محفوظ اسٹوریج کیلئے مخصوص آئس باکس کا بندوست کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں