کورونا وائرس،فرانس کی عدالت نے مذہبی اجتماعات پر پابندی ختم کرنے کا حکم دے دیا

پیرس:فرانس کی ایک انتظامی عدالت نے حکومت سے ہر صورت آٹھ دن کے اندر عبادت گاہوں میں ہر طرح کے اجتماعات پر عائد سخت پابندی ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیش نظر حکومت کی طرف سے مذہبی اجتماعات سے متعلق یہ پابندی عائد کی گئی تھی۔کونسل آف سٹیٹ کے مطابق یہ پابندی غیر متناسب نوعیت کی ہے جس سے سخت نقصان ہوا اور یہ ایک غیر قانونی اقدام ہے۔خیال رہے کہ فرانس میں اس وائرس سے اب تک 28 ہزار سے زائد لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔ وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے فرانس کی حکومت نے عبادت گاہوں میں ہر طرح کے اجتماعات پر سخت پابندی عائد کر رکھی ہے، صرف جنازوں میں 20 تک لوگوں کو جمع ہونے کی اجازت ہے۔واضح رہے کہ عدالت نے عبادت گاہوں کو مکمل طور پر کھولنے کا حکم نہیں دیا ہے۔فرانس کی عدالت کے جج نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ ان عبادت گاہوں میں دس تک لوگ اکھٹے ہو سکتے ہیں اور یہ کہ صحت عامہ کے تحفظ سے متعلق حکومتی پابندی غیر متناسب تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں