ایران جلد 100 فیصد یورینیئم افزودگی اور جوہری ہتھیار بنانا بند کردے گا، ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران مستقبل میں یورینیم افزودگی مکمل طور پر روک دے گا اور جوہری ہتھیار بنانے کی کوششیں بھی ترک کردے گا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کے بقول مجھے پورا یقین ہے کہ ایران کسی ممکنہ نئے معاہدے کے تحت ان شرائط پر عمل کردے گا جو اسے جوہری ہتھیار بنانے سے روکتے ہیں۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے کے تحت ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مواد کو امریکا اپنی تحویل میں لے گا۔ ایران کے ساتھ مذاکرات مکمل احتیاط مگر بغیر جلد بازی کے آگے بڑھائے جائیں گے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایران پر عائد پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی اور امریکا کسی عجلت میں فیصلہ نہیں کرے گا۔ امریکا نے خطے میں بڑی فوجی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔صدر ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ ماضی میں ایرانی حکام سے براہِ راست رابطے بھی کرچکے ہیں۔
دوسری جانب ایران کی پارلیمانی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے ترجمان ابراہیم رضائی نے امریکا کو نئے حملے سے متعلق دھمکی دے دی۔ایک بیان میں ابراہیم رضائی نے کہا کہ امریکا نے نیا حملہ کیا تو ایران کے ممکنہ آپشنز میں سے ایک یورینیم کی افزودگی 90 فیصد تک لے جانا بھی ہوسکتا ہے، اس ممکنہ آپشن کا پارلیمان میں جائزہ لیں گے۔


