حکومتی ملی بھگت سے بلوچستان کے سمندر پر ٹرالر مافیا کا قبضہ ہے، ماہی گیروں پر فائرنگ قابل مذمت ہے، نیشنل پارٹی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان پر تاریخ کا کرپٹ ترین حکومت مسلط ہے۔ٹرالر مافیا سے ماہانہ کروڑوں روپے وصول کرکے بلوچستان کا سمندری علاقہ ان کے حوالے کردیا گیا ہے، اورماڑہ میں ٹرالر مافیا کی جانب سے مقامی ماہی گیروں پر فائرنگ قابل مذمت ہے۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان پر تاریخ کی نااہل اور کرپٹ ترین حکومت مسلط کردی گئی ہے جس نے ماہانہ کروڑوں روپے بھتہ کے عوض بلوچستان کا سمندری علاقہ ٹرالر مافیا اور گجہ مافیا کے حوالے کر دیا ہے جو سمندر میں مچھلیوں کی نسل کشی کرتے ہوئے ساحلی علاقوں میں لاکھوں ماہیگیر خاندانوں کو بیروزگار کررہے ہیں۔ بدعنوان حکومت کی ملی بھگت کے باعث اب ٹرالر مافیا اتنی طاقتور ہوگئی ہے کہ سمندر پر بھی قبضہ کر رکھا ہے اور مقامی ماہیگروں پر جدید اسلحہ سے فائرنگ سے بھی گریز نہیں کرتا۔ پارٹی ترجمان نے اتوار کے روز بل اورماڑہ کے مقام پر ٹرالر مافیا کی جانب سے مقامی ماہیگروں پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ واقعے کی فوری اطلاع محکمہ فشریز مقامی انتظامیہ اور کوسٹ گارڈ کو دی گئی مگر تمام ادارے فائرنگ کرنے والے ٹرالر مافیا کا نظارہ کرتے رہے۔ بھتہ مافیا، سرکاری اداروں نے ٹرالر مافیا کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ پارٹی ترجمان نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی ہر قدم پر مقامی ماہیگیروں کے ساتھ ہے، سمندر کو بانجھ ہونے سے بچانے کے لیے لازمی ہے کہ موجودہ کرپٹ ترین اور نااہل ترین حکومت کا خاتمہ ہو، موجودہ حکمران اور انہیں بیساکھی فراہم کرنے والے عناصر کو بلوچستان باالخصوص گوادر، پسنی، جیونی، اورماڑہ کے عوام کھبی معاف نہیں کرینگے اور وہ عوامی غیض و غذب سے نہیں بچ پائیں گے۔ نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا کہ ٹرالر مافیا کو روک کر سمندر بچایا اور مقامی ماہیگیروں پر فائرنگ کرنے والے بھتہ مافیا کیخلاف کارروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں