وی سی جامعہ بلوچستان سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر کی ملاقات، پریشر میں کمی اور بندش پر تبادلہ خیال

کوئٹہ (انتخاب نیوز) جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان نے ایک وفد کے ہمراہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل مینیجر راحیل ملک سے ملاقات کی۔ وفد میں جامعہ کے اساتذہ، کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر زینب، ڈاکٹر شبیر احمد، پروفیسر عبدالباقی اور اسحاق پرکانی بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران جامعہ کے سوئی گیس پریشرمیں کمی اور اس بابت اساتذہ، طلبا و طالبات، ملازمین اور رہائشی کالونی میں مشکلات اور دیگر معاملات پر تبادکہ خیال کیا گیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ بلوچستان ایک قدیمی اور بڑی علمی درسگاہ ہے۔ جس میں صوبے کے مختلف علاقوں سے ہزاروں طلبا و طالبات تعلیم حاصل کررہے ہیں۔کیونکہ جامعہ کے مختلف شعبہ جات میں کلاسز میں داخلے اور امتحانات شروع ہوچکے ہیں۔ اور جامعہ کے ہاسٹلز جس میں گرلز اور بوائز ہاسٹل میں چار ہزار کے قریب طلبا و طالبات رہائش پذیر ہیں۔ کوئٹہ میں سردی کی آمد اور گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے انہیں سخت مشکلات اور پریشانی لاحق ہے۔ جس کی وجہ سے انکی تعلیمی، تحقیقی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔ کیونکہ جامعہ ایک اہم تعلیمی ادارہ ہے اور گیس کے مسئلے کو حل کرنے سمیت اس جانب خاص طور پر توجہ مرکوز کیاجائے۔ تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو مشکلات اور پریشانی سے نکال کر تعلیمی، تحقیقی سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل مینجرنے وائس چانسلر اور اساتذہ کی آمد اور ملاقات کو خوش آمد کرتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس کمپنی کی یہی کوشش اور مقصد ہے کہ وہ بہتر طور پر تمام صارفین کو گیس کی سپلائی مہیا کرسکے۔ جبکہ کمپنی کو بھی اسی بابت مختلف مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے جامعہ کے وفد کو یقین دلایا کہ اس حوالے سے گیس کمپنی جامعہ میں گیس پریشر میں کمی اور لائنوں کی صفائی کے معاملات کو دیکھنے اور حل کرنے کے تمام تر اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ تاکہ جامعہ کے اساتذہ اور طلبا و طالبات کو مشکلات سے نکالا جاسکے اور جامعہ بلوچستان میں گیس کی سپلائی کو بہتر طور پر برو کار لایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں