دکی میں کوئلہ کانوں کی سیکورٹی سے متعلق اجلاس، بھتہ گیروں کیخلاف کارروائی کا عزم
دکی (انتخاب نیوز) دکی ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ خان کی زیر صدارت معراج کول کمپنی کی سیکورٹی کے حوالے اسے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایف سی 87 ونگ دکی کے ونگ کمانڈر کرنل نعمان محبوب، ایس پی دکی سید صبور آغا، معراج ایریے کے پیٹی ٹھیکیداران ظریف خان ناصر، عبدالحمید ناصر اور دکی پریس کلب کے صدر اللہ نور ناصر سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کو ایس پی سید صبور آغا اور سنگ کمانڈر کرنل نعمان محبوب نے تفصیلی طور پر سیکورٹی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایف سی اور پولیس معراج ایریے کی سیکورٹی سمیت ضلع بھر کے کوئلہ کانوں کی سیکورٹی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو مائنز مالکان سے بھتہ لینے کی اجازت کسی طور پر نہیں دے سکتے۔ بھتہ گیروں اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائیگی، کول مائنز ٹھیکیداران پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بروقت تفتیش میں اپنا تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ کول مائنز کو سیکورٹی کی فراہمی کے لئے جامعہ پلان اور پولیس و لیویز کی نفری کی ضرورت ہے، نفری کی کمی کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے پولیس اور ضلعی انتظامیہ ایف سی کے ساتھ ملکر کول مائنز کی سیکورٹی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریگی۔


