علی وزیر ایک منتخب رکن قومی اسمبلی ہے انہیں غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا گیا ہے، پشتونخوامیپ

سویڈن +کوئٹہ پشتونخواملی عوامی پارٹی سویڈن کے زیر اہتمام علی وزیر کی رہائی کیلئے احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا۔ جس سے پارٹی رہنماؤں ڈاکٹر حکمت، ہلمندر یار، ولی خان بڑیچ، نجیب جان، کریم خان ترہ کئی اور وطن پارٹی کے رہنماء احمد گل اندڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے محبوب قائد محترم محمود خان اچکزئی نے کوئٹہ میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 49ویں برسی کے عظیم الشان جلسہ عام کے موقع پر پشتونخوا وطن، ملک اور بیرون ملک ایم این اے علی وزیر کی رہائی، انہیں دو سال سے قید میں رکھنے، ان پر جھوٹے اور بے بنیاد غیر آئینی، غیر قانونی مقدمات میں نامزد کرنے کیخلاف ایک ہی دن میں تمام دنیا میں احتجاجی مظاہروں، جلسے جلوس کا اعلان کیاتھا آج ہم اسی سلسلے میں یہاں اکھٹے ہوئے ہیں اور ایک ایسے پشتون رہنماء کیلئے آواز بلند کررہے جس کے خاندان کے درجن سے زائد افراد کو دہشتگردی کا نشانہ بناکر شہید کیا گیا اور گزشتہ دو سالوں سے انہیں کراچی سندھ میں جیل میں رکھا گیا ہے جوکہ قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔انہوں نے کہا کہ علی وزیر ایک منتخب رکن قومی اسمبلی ہے مگر انہیں غیر آئینی،غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا گیا ہے جبکہ 444لوگوں کے ماورائے عدالت قتل عام میں ملوث پولیس آفیسر راؤ انور جو کہ ایک دن بھی جیل میں نہیں رہے اور انہیں شاہی انداز میں عدالت میں پیش کرنے کے بعد ضمانت بھی دے دی گئی حالانکہ نقیب اللہ محسوس کے قتل ہونے کے بعد حکومت وقت نے وعدہ کیا تھا کہ راؤ انور پر مقدمہ چلاکر انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایم این اے علی وزیر کو فوری طوری پر رہا کیا جائے ہم پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کے ہر آواز پر لبیک کہتے ہوئے ہر قسم کے جمہوری احتجاج کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور آج اس شدید سردی منفی 10سے منفی 12کی درجہ حرارت میں پارٹی کے تمام کارکنوں اور ان تمام افراد کا شکریہ اداکرتے ہیں جنہوں احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرکے احتجاجی مظاہرے کو کامیاب بنایا۔لورالائی +دکی +موسیٰ خیل پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پشتونخوا وطن پر مسلط کی گئی جنگ کے نتیجے میں ایم این اے علی وزیر کے گھر کے 13افراد شہید کیئے گیے اور اب ان سے اپنے لوگوں کی نمائندگی کرنے اور ظلم وجبر کے خلاف آواز بلند کرنے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے اور اس کی پاداش میں انہیں سزائیں دی جاری ہے اور گزشتہ دو سال سے غیر آئینی، غیر قانونی مقدمات میں نامزد کرکے انہیں کراچی کے جیل میں رکھا گیا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ایم این اے علی وزیر کو فی الفور رہا کیا جائے اور پشتونخوامیپ ان کیلئے ہر فورم پر بھرپور احتجاج کریگی۔ ان خیالات کا اظہار ضلع لورالائی کے ضلعی سیکرٹری صفدر خان میختر وال، ایاز مندوخیل ایڈووکیٹ، داد خان علیزئی، دوست محمد لونی، ملک عصمت کدیزئی اور عنایت اللہ اتمانخیل نے ضلع لورائی ایم این اے علی وزیر کے حق میں منعقدہ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضلع دکی بازار میں احتجاجی مظاہرہ سے پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن رزاق خان ترین، احمد خان ترین، ڈاکٹر حسن زرکون، محمد کریم زرکون، عبداللہ حریفال، شادی خان، ستوریانی، جہانزیب ترین، سیف الدین، سنگر یار، خاکسار لونی نے خطاب کیا۔ ضلع موسیٰ خیل بازار میں احتجاجی مظاہرے سے ضلعی رہنماؤں یوسف لالا، حیات خان، مراد خان فیض محمد موسیٰ خیل ودیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ علی وزیر کو قید میں رکھنا ملکی آئین کی خلاف ورزی ہے گزشتہ دو سالوں سے انہیں حبس بیجا میں رکھنا اور اس کے برعکس پولیس آفیسر راؤ انور کے گھر کو سب جیل قرار دیکر آزاد رکھنا ایک ملک میں دو قانون اور قانون کے دوہرے معیار کا واضح ثبوت ہے، اس قسم کے پشتون دشمنی پر مبنی اقدامات سے ہمارے عوام میں ناانصافیوں کو لیکر مزید غم وغصہ پیدا ہوگا اور اس کے ذمہ دار وہ ہونگے جنہوں نے علی وزیر کو بلاجواز قید وبند میں رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اپنے عوام کی تائید وحمایت سے ہر جمہوری احتجاج کیلئے تیارہے اور پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی نے علی وزیر کیلئے ہمیشہ ہرفورم پر آواز بلند کی ہے اور علی وزیر کیلئے آج کے احتجاج کو مزید وسیع کرنے کیلئے پارٹی کے ہر فیصلے کی حمایت کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں