’پٹھان‘ فلم تھیٹرز میں ریلیز کی گئی تو شاہ رخ خان کو بھی آگ لگا دیں گے، ہنڈو پنڈت کی دھمکی

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارت کے سپر اسٹار اداکار شاہ رخ خان کی نئی فلم ’پٹھان‘ ریلیز ہونے سے قبل ہی اِس کے گانے ’بے شرم رنگ‘ کی وجہ سے تنازعات کا شکار ہے، بائیکاٹ کے ٹرینڈز اور انتہا پسندوں کی جانب سے شدید احتجاج کے بعد اب شاہ رخ خان کو زندہ جلانے کی دھمکیاں بھی دی جانے لگیں۔ گانے میں دپیکا پڈوکون کے زعفرانی رنگ کے لباس پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ہنگامہ کھڑا کردیا تھا جن کا دعویٰ ہے کہ ’گانے میں جس طرح سبز اور زعفرانی رنگ پہنا گیا ہے اس کے علاوہ گانے کے س±ر سمیت فلم کا ٹائٹل بھی نامناسب ہیں‘۔ فلم کے بائیکاٹ کے ٹرینڈز اور پابندی کے مطالبے کے بعد اب شاہ رخ خان کو ہندو پنڈت پرمہنس آچاریا کی جانب سے زندہ جلانے کی دھمکی بھی دے دی گئی ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں پرمہنس آچاریا کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’بے شرم رنگ گانے میں زعفرانی رنگ کی توہین کی گئی ہے، ہمارے سناتن دھرم کے لوگ اس حوالے سے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں، آج ہم نے شاہ رخ خان کا پوسٹر جلایا ہے، میں ڈھونڈ رہا ہوں اگر مجھے فلم جہادی شاہ رخ خان کہیں مل گیا تو میں اسے زندہ جلا دوں گا‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر کسی اور نے بھی شاہ رخ خان کو جلانے کی کوشش کی تو اس کا مقدمہ میں لڑوں گا‘۔ پرمہنس آچاریا نے لوگوں سے ’پٹھان‘ فلم کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’اگر فلم کو تھیٹرز میں ریلیز کیا گیا تو تھیٹرز کو بھی آگ لگا دیں گے‘۔ دریں اثنا ممبئی پولیس کو ایک تحریری شکایت بھی موصول ہوئی ہے جس میں پٹھان فلم کے گانے ’بے شرم رنگ‘ میں دپیکا پڈوکون کے زعفرانی رنگ کے نامناسب لباس پر ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ شاہ رخ خان نے اپنے خلاف ہونے والے مظاہروں اور ٹرینڈز کا ذکر کیے بغیر سوشل میڈیا کی نفرت انگیز مہم پر بات کرتے ہوئے سینما کو اس کا بہتر متبادل قرار دیا۔ بولی وڈ بادشاہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی نفرت کا سینما مقابلہ کر سکتا ہے اور سینما حقیقی زندگی کی کہانیوں کو بہتر انداز میں لوگوں کے سامنے رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے جب خطاب کے آخر میں ہندی زبان میں بات کرتے ہوئے اپنی آنے والی فلم ’پٹھان‘ کے انداز میں فلم کا ہی ایک ڈائیلاگ ’زندہ ہیں‘ کہا تو ہجوم نے ان کے لیے تالیاں بجائیں اور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھر آئی۔ شاہ رخ خان نے آخر میں کہا کہ ’دنیا کچھ بھی کرلے، میں اور آپ لوگ اور جتنے بھی مثبت لوگ ہیں، سب کے سب زندہ ہیں‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں