کوہلو میں کیسکو کی جانب سے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی مشینوں کی بجلی منقطع، شہر میں پانی کا بحران

کوہلو (نیوز ڈیسک) بلوچستان کے ضلع کوہلو میں کیسکو کی جانب سے مبینہ طور پر عدم ادائیگی کے باعث محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (PHE) کی پانی فراہم کرنے والی مشینوں کی بجلی منقطع کیے جانے سے شہر کے مختلف علاقوں میں شدید قلتِ آب پیدا ہوگئی ہے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کے باعث سردار شہر، ملک ہاشم کلی، کلی چرمی، کلی علن، کلی حاجی پیر محمد، کلی عالیانی، نیو کلی، کلی موسیٰ خان اور کلی حاجی عبدالرازق زرکون سمیت متعدد علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث پانی کی فراہمی بند ہونے سے روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کیسکو اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے درمیان مسئلے کو فوری طور پر حل کرکے بجلی بحال کی جائے اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بجلی بحال کرکے پانی کی فراہمی شروع نہ کی گئی تو وہ اپنے بنیادی حق کے حصول کے لیے احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور قلتِ آب کا مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں