کوئٹہ، حساس ادارے کا جعلی اہلکار بن کر بلیک میلنگ کرنیوالا شخص گرفتار
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران احساس ادارے کا جعلی اہلکار بن کر لوگوں کو بلیک میل کرنے والے ملزم سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات سمیت حساس ادارے کا جعلی کارڈ برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ کیپٹن (ر) غلام اظفر مہیسر، ایس ایس پی آپریشن عبدالحق عمرانی، ایس ایس پ انویسٹی گیشن اسد ناصر کی خصوصی ہدایت پر ایس پی سریاب ڈویڑن راشد الدین کی نگرانی میں ڈی ایس پی شالکوٹ آصف غفور، ایس ایچ او نیو سریاب غلام رضا شاہوانی نے دیگر عملے کے ہمراہ مغربی بائی پاس کلی خزاں کے قریب سے ایک شخص رحمت اللہ کے قبضے سے 1 کلو 50 گرام چرس برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا۔ اس کے علاوہ قمبرانی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے محمد کامران عادل کے قبضے سے ایک پسٹل اور انٹیلی جنس ادارے کا جعلی سروس کارڈ برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا جو اپنے آپ کو سرکاری ادارے کا اہلکار ظاہر کرتا تھا ایک اور کارروائی میں غلام رسول پھاٹک کے قریب سے نصیر احمد کے قبضے سے 1 کلو 20 گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئیں۔


