پشتون بلوچ دو قومی صوبے میں پشتون برابری کے حق سے محروم ہیں، پارٹی کو علمی اور نظریاتی بنیادوں پر منظم کریں گے، نصر اللہ زیرے

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخوا میپ ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام انجینئرز، آرکیٹیک، علاقائی یونٹس کا ایک نمائندہ اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مختار خان یوسفزئی کے زیر صدارت کوئٹہ پریس کلب میں منعقد ہوا، جس میں انجینئرز اور آرکیٹیک علاقائی یونٹ کا انتخاب عمل میں لایا گیا اور 21 رکنی ایگزیکٹو کونسل قائم کی گئی جس کے سیکرٹری انجینئرشیخ اسلم مندوخیل منتخب ہوگئے۔ تقریب سے مختار خان یوسفزئی، سینئر نائب صدر محمد عیسیٰ روشان، ایم پی اے نصر اللہ زیرے، ڈپٹی سیکرٹری خوشحال کاسی، نومنتخب سیکرٹری انجینئر شیخ اسلم مندوخیل نے خطاب کیا۔ مختار خان یوسفزئی نے انجینئرز ساتھیوں کو وطن پال اور باشعور انجینئروں و آرکیٹیک کے نمائندہ اجتماع منعقد کرنے اور علاقائی یونٹ کے قیام پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انجینئروں کا یونٹ ان کے اپنے مسائل کے حل اور ہمارے قومی اور عوامی مسائل میں انتہائی اہم رول ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا میپ کی پانچویں قومی کانگریس پشتون قومی سیاسی تحریک کی قومی جدوجہد کی ایک نئے دور کا آغا ز کرے گا۔ ہمارے باشعور اور منظم سیاسی کارکن اپنی پارٹی کو اکیسویں صدی کے تقاضوں کے مطابق علمی، نظریاتی اور سیاسی بنیادوں پر منظم کریں گے جو ماضی کی قومی تحریک کی تمام کمزوریوں اور خامیوں سے پاک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ باچا خان اور خان صمد خان کی رہنمائی میں ہماری قومی تحریک نے بے مثال قربانیاں دیں لیکن ایک صدی کی جدوجہد کے باوجود ہماری قومی محکومی کا خاتمہ نہیں ہوا بلکہ آج پشتون افغان ملت اپنی پر افتخار تاریخ کے بدترین حالات سے دوچار ہے۔ ہمارا وطن استعماری طرز پر تقسیم ہے اور ہم ملی وحدت اور متحدہ قومی صوبہ پشتونخوا کے حق سے محروم ہیں۔ پشتون بلوچ مشترکہ دو قومی صوبے میں پشتون برابری کے حق سے محروم ہیں اور پاکستان کے فیڈریشن میں پشتونوں کو قومی برابری اور جمہوری اقتدار کا حق حاصل نہیں۔ آج تاریخی افغانستان کے ملی اسٹیٹ اور تمام ملی اداروں کو استعماری قوتوں نے ختم کرکے افغانستان پر اپنا استعماری قبضہ قائم کیا ہے، ایسے حالات میں پشتونخوا میپ جدوجہد کے اس نئے دور میں اپنے قومی اہداف کے حصول کے لئے اپنا تاریخی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نئی نسل کو ایک ایسی قومی، عوامی اور جمہوری پارٹی کے صفوں میں متحد اور منظم کرینگے جو حقیقی معنوں میں اپنی خصلت میں استعمار مخالف، جاگیردار مخالف اور جمہوری مترقی اور سیکولر ہوگی۔ جس کے تنظیمی فیصلے جمہوری طریقے سے ہونگے اور جس کے رہنما ادارے اجتماعی قیادت کی رہنمائی میں اپنے ملی فرائض انجام دینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں