تربت میں ڈینگی گھر گھر پہنچ گیا‘ محکمہ صحت کے اقدامات غیر تسلی بخش
تربت (نمائندہ انتخاب) ڈینگی وائرس نے تربت شہر کواپنے لپیٹ لے لیا ہے، گھرگھرپہنچ گیاہے، ڈی ایچ او ہیلتھ اپنی ٹیم کے ساتھ مکمل ناکام ہوچکا ہے، ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام صوبہ بلوچستان کے صوبائی نائب امیروضلع کیچ امیر خالد ولید سیفی نے تربت میں صحت عامہ کی تشویشناک صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کی تیزی سے تربت شہر اور اسکے مضافات میں پھیلنا باعث تشویش ہے، وزیر صحت کا تعلق تربت شہر سے ہونے کی باوجود صحت عامہ کے حوالے سے مخدوش صورتحال ان کے لئے سوالیہ نشان ہے، انہوں نے کہاکہ ڈینگی وائرس نے غریب لوگوں کا برا حال کردیا ہے، لیکن افسوس تربت انتظامیہ کی جانب صحت کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ کردار عمل میں نہیں آیا ہے، جے یو آئی انتظامیہ کو خبردار کرتی ہے کہ لوگوں کے صحت عامہ اور ڈینگی وائرس کے متعلق صحت کے ذمہ دار فوری عملی اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کریں اور اس کیلئے فی الفور اقدامات اٹھائیں کیوں کہ ڈینگی بخار کے سبب کئی افراد اپنی قیمتی جان گنوا بیٹھے ہیں جس میں بزرگ، خواتین اور بچے شامل ہیں، اسپتالوں میں کئی افراد اس بیماری کے سبب زیر علاج ہیں، افسوس ہے کہ اب تک شہر و بازار میں اسپرے کی خاطر خواہ مہم نہیں چلائی گئی، جس کے سبب ڈینگی وائرس ودیگر امراض بڑے پیمانے پر بڑھ رہی ہیں، انہوں نے خبردار کردیا کہ اگر عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔


